ڈالر کی انٹربینک قیمت میں معمولی اضافہ، اوپن ریٹ مستحکم

اسٹاف رپورٹر  پير 28 نومبر 2022
اوپن کرنسی مارکیٹ میں چوتھے دن بھی ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 231 روپے کی سطح پر مستحکم رہی (فوٹو : فائل)

اوپن کرنسی مارکیٹ میں چوتھے دن بھی ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 231 روپے کی سطح پر مستحکم رہی (فوٹو : فائل)

 کراچی: انٹربینک میں ڈالر کے نرخ صرف 1 پیسے کے اضافے سے 223.95 روپے کی سطح پر بند ہوئے۔

دسمبر میں ایک ارب ڈالر کی بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ اور زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی جیسے عوامل کے باعث پیر کو بھی کاروبار کے بیشتر دورانیے میں ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی۔

صنعتی خام مال کی درآمدات کے لیے زرمبادلہ کی بڑھتی ہوئی طلب سے کاروباری دورانیے میں ایک موقع پر ڈالر کی قدر 57 پیسے کے اضافے سے 224.51 روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی تاہم گورنر اسٹیٹ بینک کی بیرونی ادائیگیاں مقررہ 5 دسمبر سے تین روز قبل کرنے کے بیان سے اختتامی لمحات میں ڈیمانڈ میں کمی سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ صرف 1 پیسے کے اضافے سے 223.95 روپے کی سطح پر بند ہوئے۔

اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں چوتھے دن بھی ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 231 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔