کراچی میں پولیس اور رینجرز کی کارروائیوں میں 4ملزمان ہلاک، 200 سے زائد ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 30 مارچ 2014
گرفتار کئے گئے ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 410 ہتھیار برآمد کئے ہیں ۔ فوٹو: فائل

گرفتار کئے گئے ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 410 ہتھیار برآمد کئے ہیں ۔ فوٹو: فائل

کراچی: شہر قائد کی پولیس اور رینجرز کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کے دوران 4 ملزمان ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 200 سے زائد ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سچل تھانے کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہ گیر خاتون بھی زخمی ہوئی جسے طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اس سے قبل مواچھ گوٹھ تھانے کی حدود میں واقع علاقے رئیس گوٹھ میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات پولیس اور گینگ وار ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 ملزمان ہلاک جبکہ 6 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت شاہدمکس پتی، یاسین گولڈن اور شعیب کے نام سے ہوئی جن پر حکومت سندھ نے پانچ سےدس لاکھ روپےانعام مقررکررکھاتھا، پولیس نے ہلاک ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، 3 نائن ایم ایم پستول اور 3 دستی بم بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ مجاہد کالونی اور موسی کالونی میں رینجرز نے گھرگھر ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ جس میں 300 سے زائد اہلکاروں نے شرکت کی۔ آپریشن کے دوران رینجرز نے 13 ملزمان کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کر لیا۔

دوسری جانب پولیس اور رینجرز نے موچکو ، سعید آباد ، گرومندر ، جمشید کوارٹر ، عیسی نگری ، لیاقت آباد ، لیاری ، لانڈھی ، ملیر ، قائد آباد اور دیگر علاقوں میں کی گئیں کارروائیوں میں کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں سمیت 200 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرکے 410 اقسام کے مختلف ہتھیار برآمد کرلئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔