اسکولز میں میوزک ٹیچرز نعت، قوالی اور حمد سکھائیں گے، وزیر تعلیم سندھ

ویب ڈیسک  منگل 29 نومبر 2022
لوگوں کو پہلے اچھا انسان بنانے کی ضرورت ہے جس کے بعد وہ خود بخود اچھے مسلمان بن جائیں گے، سردار شاہ

لوگوں کو پہلے اچھا انسان بنانے کی ضرورت ہے جس کے بعد وہ خود بخود اچھے مسلمان بن جائیں گے، سردار شاہ

 کراچی: وزیر تعلیم سندھ نے کہا ہے کہ اسکولز میں میوزک ٹیچرز نعت ، قوالی ،حمد سکھائیں گے۔

اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر سندھ اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں ارکان کے مختلف توجہ دلاﺅ نوٹسز زیر بحث آئے ۔

تحریک لبیک کے مفتی قاسم فخری نے سرکاری اسکولز میں عربی ٹیچرز نہ ہونے پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں میوزک ٹیچر تو بھرتی ہورہے ہیں مگر سرکاری اسکولوں میں عربی کے ٹیچر موجود نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں میوزک ٹیچرز کی بھرتی روکی جائے، سندھ کے اسکولوں میں 40 ہزار اساتذہ گھوسٹ ہیں۔

وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے توجہ دلاﺅ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت میوزک ٹیچر کی بھرتی پر بحث چل رہی ہے حالانکہ موسیقی صرف ناچ گانے کا نام نہیں ہے، پہلے اسکولوں میں بینڈ ماسٹر تھے مگر کبھی اعتراض نہیں ہوا۔

سردار شاہ نے کہا کہ یہ کیوں سمجھ لیا کہ میوزیشن فقط فحاشی پھیلائے گا، میوزک طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرتاہے، کیا معاشرے میں پہلے سے کوئی فحاشی نہیں ہے ؟۔

انہوں نے کہاکہ لوگوں کو پہلے اچھا انسان بنانے کی ضرورت ہے جس کے بعد وہ خود بخود اچھے مسلمان بن جائیں گے، ریاضی کا ٹیچرز یہ نہیں سکھا سکتا ہے کہ حمد و نعت کیسے پڑھنی ہے، میوزک ٹیچرز نعت قوالی حمد سکھائیں گے، نعت خواں، حمد خواں سُر میں پڑھ سکے گا، میوزک ٹیچرز کے حوالے سے آپ لوگوں کو دل بڑا کرنا چاہیے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ تیسری سے آٹھویں کلاس تک ناظرہ قرآن پڑھایاجاتاہے ۔عربی ٹیچرز کی 480اسامیاں اسکولوں میں خالی ہیں جنہیں پر کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔