یوکرین ایک نہ ایک روز نیٹو میں شامل ہو جائے گا؛ سیکرٹری جنرل

ویب ڈیسک  منگل 29 نومبر 2022
نیٹو کا دو روزہ اجلاس رومانیہ میں ہوا، فوٹو: ٹوئٹر

نیٹو کا دو روزہ اجلاس رومانیہ میں ہوا، فوٹو: ٹوئٹر

بخارست: مغربی ممالک کے عسکری اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ یوکرین ایک دن اس کا رکن بن جائے گا۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق رومانیہ میں ہونے والے نیٹو کے دو روزہ اجلاس کا آغاز ہوگیا جس میں روس اور یوکرین کی جنگ کے حوالے سے اہم فیصلوں کا امکان ہے۔

اجلاس سے افتتاحی خطاب میں نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے کہا کہ روس موسم سرما کو یوکرین کے خلاف ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرے گا اس لیے فوری طور پر ہماری تمام تر توجہ یوکرین کی افواج کو مسلح کرنے اور سردیوں کی وجہ سے غیر مہلک امداد کی فراہمی پر مرکوز ہے۔

جنرل سیکرٹری نے مزید کہا کہ پختہ یقین ہے کہ یوکرین ایک نہ ایک روز نیٹو اتحاد میں شامل ہوجائے گا جس سے روکنے کے لیے روس نے یوکرین پر فوج کشی کی ہے۔

اجلاس شروع ہونے سے قبل نیٹو ممالک کے وزرائے خارجہ نے میڈیا سے گفتگو میں یوکرین کی مدد کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس کا یوکرین پر حملہ جارحیت ہے جہاں روس غیر انسانی رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں۔

ادھر یوکرین کے صدر ولودومیرزیلنکسی نے نیٹو ارکان سے مطالبہ کیا ہے کہ روس کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے فضائی دفاعی نظام اور طیارے فراہم کیے جائیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔