وفاقی کابینہ اجلاس میں گندم کی امدادی قیمت خرید 3200 روپے ہونے کا امکان

رضوان آصف  بدھ 30 نومبر 2022
قیمتوں میں یہ بڑا فرق برقرار رہا تو پنجاب سے لاکھوں ٹن گندم سندھ اسمگل ہونے کو روکنا ناممکن ہوگا۔ فوٹو: فائل

قیمتوں میں یہ بڑا فرق برقرار رہا تو پنجاب سے لاکھوں ٹن گندم سندھ اسمگل ہونے کو روکنا ناممکن ہوگا۔ فوٹو: فائل

 لاہور: وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گندم کی نئی فصل کی امدادی قیمت خرید 3200 روپے فی من مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

وفاقی کابینہ کے آج ہونے والے اجلاس میں گندم کی نئی فصل کی امدادی قیمت خرید 3200 روپے فی من مقرر کیے جانے کا امکان ہے تاہم سندھ حکومت رات گئے تک اپنے صوبے میں گندم کی امدادی قیمت 4 ہزار روپے فی من مقرر کرنے کے فیصلے پر ڈٹی ہوئی تھی۔ قیمتوں میں یہ بڑا فرق برقرار رہا تو پنجاب سے لاکھوں ٹن گندم سندھ اسمگل ہونے کو روکنا ناممکن ہوگا۔

علاوہ ازیں محکمہ خوراک پنجاب نے سستا آٹا کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کیلیے فلورملز کے یومیہ سرکاری گندم کوٹہ میں اضافے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔

آج بروز بدھ وزیر خوراک، سیکریٹری اور ڈائریکٹر فوڈ کی میٹنگ میں اس بارے تفصیلات پر غور کیا جائے گا جس کے بعد وزیر اعلیٰ سے رسمی منظوری لے کر آئندہ 4 سے5 روز میں کوٹا بڑھانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔