ویڈیو: کرس راک کو تھپڑ مارنے کے بعد ول اسمتھ کا پہلا انٹرویو

ویب ڈیسک  بدھ 30 نومبر 2022
ول اسمتھ نے آسکرز 2022 کی رات کو خوفناک رات قرار دے دیا(فائل فوٹو)

ول اسمتھ نے آسکرز 2022 کی رات کو خوفناک رات قرار دے دیا(فائل فوٹو)

نیویارک: ول اسمتھ نے پہلی بار آسکرز 2022 کی تقریب میں کرس راک کو تھپڑ مارنے کی وجہ بیان کردی۔

امریکی کامیڈین اور اداکار وِل اسمتھ نے سب سے بڑی ایوارڈ تقریب آسکرز 2022 میں ساتھی کامیڈین کرس راس کو ان کی اہلیہ کے بالوں کے حوالے سے مزاق کرنے پر تھپڑ جڑ دیا تھا تاہم وہ کئی مرتبہ اس کیلئے معذرت کر چکے ہیں۔

تاہم پہلی مرتبہ آسکر ایوارڈز کے اس واقعے کے بعد پہلے ٹی وی انٹرویو میں ول اسمتھ نے انکشاف کیا ہے کہ آخر کس چیز نے انہیں کرس راک کو تھپڑ مارنے پر مجبور کیا۔

ول اسمتھ نے آسکرز 2022 کی رات کو خوفناک رات قرار دیتے ہوئے کہا کہ ‘یقیناً میں اپنے رویے کو درست قرار نہیں دے سکتا ، مگر اس وقت میرے اندر بہت کچھ ہوا تھا۔ وہ ایک چھوٹا بچہ تھا جو اپنے باپ کو ماں پر تشدد کرتے دیکھتا تھا، اس لمحے غصے کا وہ غبارہ پھٹ گیا اور میں وہ بن گیا جو میں نہیں بننا چاہتا تھا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘یہ وہ غصہ تھا جو بہت عرصے سے میرے اندر جمع ہورہا تھا’۔

انٹرویو کے دوران ول اسمتھ نے کہا کہ جب وہ اس واقعے کے بعد گھر گئے تو 9 سالہ بھتیجا ان کے انتظار میں جاگ رہا تھا اس نے مجھ سے جب سوال کیا کہ میں نے تھپڑ کیوں مارا تو اس وقت مجھے احساس ہوا کہ میں نے کیا کردیا، مجھے اس حد تک نہیں جانا چاہیے تھا’۔

یاد رہے کہ کرس راک نے آسکرز کی رات ول اسمتھ کی اہلیہ جاڈا پنکٹ اسمتھ کے سر کے بال جھڑنے کا مذاق اڑایا تھا جس پر طیش میں آکر ول اسمتھ نے اسٹیج پر آکر کرس راک کے منہ پر زور دارتھپڑ جڑ مارا۔

اس واقعے کے بعد اکیڈمی ایوارڈز نے آسکر تقریب میں ول اسمتھ کی شرکت پر 10 سال کیلئے پابندی عائد کردی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔