کراچی ایڈمن سوسائٹی سے اغوا تین سالہ بچی بازیاب، اغواکار خاتون گرفتار

ویب ڈیسک  بدھ 30 نومبر 2022

 کراچی: ٹیپو سلطان پولیس نے کراچی ایڈمن سوسائٹی سے کمسن بچی کے اغوا کا معمہ چند گھنٹوں میں حل کرکے دو میں سے ایک مغویہ بچی کو بازیاب کرکے اغوا کے الزام ایک خاتون کو بھی حراست میں لے لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹیپو سلطان پولیس نے کراچی ایڈمن سوسائٹی سے کمسن بچی کے اغوا کا معمہ چند گھنٹوں میں حل کرتے ہوئے نہ صرف مغویہ بچی کو بازیاب کرالیا بلکہ اغوا کے الزام ایک خاتون کو بھی حراست میں لے لیا، جسے مغویہ کے اہلخانہ نے معاف کر دیا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او ٹیپو سلطان عظمٰی خان نے بتایا کہ کراچی ایڈمن سوسائٹی بلاک 7 سے 2 سالہ رامین دختر پُراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھی جس کی اطلاع اہلخانہ نے فوری طور پر پولیس کو دی۔

بعدازاں پولیس نے علاقے میں نصب کلوز سرکٹ کیمروں کی فوٹیجز حاصل کر کے جائزہ لیا تو ایک خاتون بچی کا ہاتھ تھامے پیدل جاتی ہوئی دکھائی دی جس نے کچھ دیر کے بعد اسے گود میں اٹھا لیا اور قریبی گلی میں داخل ہوگئی۔

انھوں نے بتایا کہ فوٹیجز میں دکھائی دینے والی خاتون علاقے میں ایک گھر پر گھریلو ملازمہ تھی جس کی شناخت شائستہ کے نام سے کی گئی اور پولیس نے اس کی رہائش گاہ بلوچ کالونی میں چھاپہ مار کر 2 سالہ رامین کو بازیاب کر کے اسے گرفتار کرلیا تاہم مغویہ کے اہلخانہ نے ملزمہ کو معاف کر دیا جس کے بعد پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد بچی ورثا کے حوالے کر دیا۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں ںے بتایا کہ ملزمہ شائستہ نے اغوا کے حوالے سے متضاد بیان دیا ہے جب کہ اس کا کہنا تھا کہ وہ بچی کو ہمدردی کے طور پر اپنے ہمراہ لے گئی تھی کیوں کہ وہ سڑک پر تنہا گھوم رہی تھی۔

خیال رہے کہ مغویہ کے اہل خانہ کی جانب سے پولیس کو اطلاع دی گئی تھی کہ گھر کی ماسی نے ممکنہ طور پر بچی کو اغوا کرلیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔