کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ توشہ خانہ میں ڈاکے ڈالیں؟ مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  بدھ 30 نومبر 2022
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے قائد اعظم کا فرمان استعمال کرنے پر پر عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کیا قائد اعظم نے ریاستی اداروں کو آئینی شکنی پر مجبور کرنے کا فرمان بھی دیا تھا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان سیاست بچانے کے لئے قائداعظم کے فرمان کا استعمال نہ کریں، اعتماد کے فقدان کا مطلب کمرے میں آرمی چیف کو بٹھا کر تاحیات توسیع دینا ہے؟ ’مس ٹرسٹ‘عمران خان کے دماغ میں ہے، وہ اقتدار کی کرسی سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ ’کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ آرمی چیف کو کمرے میں بٹھا کر تاحیات توسیع کی پیشکش کرو؟ کیا قائد اعظم کا یہ فرمان تھا کہ آئینی اداروں کو آئین شکنی پر مجبور کرو؟ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ تین نہیں پانچ قیراط کی انگوٹھی لینی ہے؟ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ فارن فنڈنگ کرو؟ زکوۃ خیرات کے پیسے کو سیاست کے لئے استعمال کرو؟ یا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ اپنے تحفظ کے لئے آنے والی طیبہ گل کو وزیراعظم ہاﺅس کے کمرے میں بند کردو؟‘۔

مزید پڑھیں: عمران کو افسران سے ملکر سازش کے وقت قائد کا فرمان یاد نہیں آیا؟ مریم نواز

انہوں نے مزید سوال دہراتے ہوئے کہا کہ ’کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ ڈی جی ایف آئی اے کو وزیراعظم ہاﺅس کے باتھ روم میں بند کردو؟ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ نیب چئیرمین کو بلیک میل کرکے سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں ڈالیں؟جھوٹے مقدمات بنائیں؟ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ اپنی سیاست اور اقتدار کو بچانے کے لئے سیاست میں اسلامی ٹچ دیں؟ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ سیاسی مخالفین کو غداری سے لنک کریں؟ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ توشہ خانہ میں ڈاکے ڈالیں؟ حرم پاک کے عکس والی گھڑی بیچیں؟ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ توشہ خانہ کے ہیروں کے ہار بیچ دیں؟۔

مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں مزید سوالات کیے کہ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ سیلاب متاثرین کی زندگیاں بچاتے ہوئے شہید ہونے والوں کے خلاف غلیظ مہم چلائیں؟ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ افواج پاکستان کے افسران کے خلاف ایک منظم مہم چلائیں؟ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ تحریک عدم آنے پر اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، صدرپاکستان اور گورنر سے آئین شکنی کرائیں؟ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ آپ سکیورٹی ایجنسیز کے افسران کو آئین کی پاسداری پر نیوٹرل، جانور، غدار اور میر جعفر کہیں؟ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ دوسروں کے مینڈیٹ کو چوری کرکے مسلط ہوجائیں اور آٹا چینی گیس پر ڈاکے ڈالیں؟۔

یہ بھی پڑھیں: امید ہے نئی فوجی قیادت اعتماد کی کمی کے خاتمے کی کوشش کریگی، عمران خان

وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ 2018 سے 2022 تک پاکستان اور عوام پر جو تباہی آپ لائے قوم  وہ بھول نہیں سکتی، لانگ مارچ سے فارغ، نالائق، نااہل، چور، کرپٹ، سیاسی طور پر فیل، اب آپ فارغ  ہیں، اس فراغت میں عمران خان ایک کام کریں کہ توشہ خانہ کے ملنے والے تمام تحائف ظاہر کر دیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عمران خان نے توشہ خانہ کے حوالے مقدمہ کرنا تھا مگر تین ہفتے ہوگئے کوئی درخواست نہیں دی، بہتر ہے کہ وہ مقدمہ درج کرنے کی تاریخ دے دیں، عمران خان کو معلوم ہے کہ توشہ خانہ کا کیس کیا تو گھڑی سمیت سب حساب دینے پڑیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔