شادی میں ہوائی فائرنگ سے ٹانگوں پر گولیاں لگنے سے 2 لڑکیاں زخمی

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 1 دسمبر 2022
بہنوں کی شناخت 20 سالہ یاسمین اور 6 سالہ ماریہ دختر جلال کے نام سے کی گئی

بہنوں کی شناخت 20 سالہ یاسمین اور 6 سالہ ماریہ دختر جلال کے نام سے کی گئی

 کراچی: گلبرگ کے علاقے موسیٰ کالونی میں بارات جانے کی خوشی میں فائرنگ سے 2 بہنیں زخمی ہوگئیں۔

پولیس کا کہنا ہے واقعہ ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں پیش آیا ہے جبکہ دونوں خواتین کو ٹانگوں پر گولیاں لگی تھیں ۔ گلبرگ کے علاقے موسیٰ کالونی بنگالی پاڑہ میں فائرنگ کے واقعہ میں 2 بہنیں زخمی ہوگئیں جنھیں فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔

اس حوالے سے ایڈیشنل ایس ایچ او گلبرگ سب انسپکٹر غلام مرتضیٰ راجپر نے بتایا کہ علاقے میں بارات جانے کی خوشی میں کئی گئی ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والی بہنوں کی شناخت 20 سالہ یاسمین اور 6 سالہ ماریہ دختر جلال کے نام سے کی گئی جبکہ باراتی علاقے سے جا چکے اور کوئی یہ بتانے کو تیار نہیں کہ بارات کہاں گئی ہے۔

پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 6 خول ملے ہیں جو پولیس نے قبضے میں لے لیے ہیں ۔ اسپتال سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ماریہ کی بائیں ران پر جبکہ یاسمین کی سیدھی پنڈلی پر گھٹنے کے قریب گولی لگی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔