شہر میں تباہی کی واحد وجہ پیپلزپارٹی کی اجارہ داری ہے، حافظ نعیم

ویب ڈیسک  جمعرات 1 دسمبر 2022
پیپلزپارٹی نے 17 سالوں میں پانی کا کوئی منصوبہ نہیں دیا، لوگ پانی کو ترس رہے ہیں، امیر جماعت اسلامی کراچی (فوٹو: ٹوئٹر)

پیپلزپارٹی نے 17 سالوں میں پانی کا کوئی منصوبہ نہیں دیا، لوگ پانی کو ترس رہے ہیں، امیر جماعت اسلامی کراچی (فوٹو: ٹوئٹر)

 کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ شہر تباہی کی واحد وجہ پیپلز پارٹی کی اجارہ داری ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے پیپلزپارٹی کو تنقید کا نشانہ بنانے ہوئے کہا کہ 25 سالوں سے سندھ کا بلدیاتی نظام ان کے پاس ہے، واٹر بورڈ، کے ڈی اے سمیت ہر ادارے میں اپنے لوگ بھرتی کیے ہوئے ہیں، ایک بارش نے شہر میں دعوؤں کی قلعی کھول کررکھ دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں جتنی سڑکیں بن رہی ہیں غیر معیاری ہیں، 1500 کروڑ روپے ترقیاتی کاموں کے نام پر کراچی کو لوٹا جارہا ہے، ہم اس لوٹ مار کیخلاف ہائیکورٹ جائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے اعلان کے باوجود سیاسی ایڈمنسٹریٹر کی غیر قانونی تعیناتی ختم کیوں نہیں کی جاتی؟، پیپلزپارٹی نے 17 سالوں میں پانی کا کوئی منصوبہ نہیں دیا، کے فور کیوں مکمل نہیں کیا جارہا، کراچی کے لوگ پانی کیلئے ترس رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ عوامی رابطہ مہم چلارہے ہیں تاکہ عوام کو انکی کرپشن کا بتاسکیں، خواتین، تعلیم و ٹرانسپورٹ کے مسائل سمیت دیگر معاملات پر کوئی بول رہا ہے تو وہ صرف جماعت اسلامی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔