امریکا سمیت دیگرملکوں میں کروڑوں کا فراڈ کرنیوالا گروہ  شیخوپورہ سے گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 2 دسمبر 2022
گروہ نے پرکشش سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر رقم لوٹی:فوٹو:فائل

گروہ نے پرکشش سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر رقم لوٹی:فوٹو:فائل

 لاہور: امریکا، کیینڈا اور دیگر ممالک میں کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے 24 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایف آئی اے سائبر ونگ نے سسٹم ہیک کر کے  فراڈ کرنے والے بین الاقوامی گروہ کوشیخوپورہ سے گرفتار کرلیا۔ گروہ میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔گروہ سعودی عرب ،متحدہ عرب امارات، برطانیہ امریکہ کینیڈا سمیت دیگر ملکوں میں  سرمایہ کار اور لاٹری سکیم کی آڑمیں فراڈ کرتا تھا اوراب تک تقریبا ایک ارب روپے کے قریب فراڈ کر چکا ہے۔

ایف آئی اے کی ٹیم نے ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر ونگ چودھری سرفراز اور ڈپٹی ڈائریکٹر آصف اقبال کی سربراہی میں شیخوپورہ میں چھاپہ مار کرگروہ کو گرفتار کیا ۔ایف آئی اے حکام کے مطابق گروہ کے زیادہ تر افراد روانی سے انگریزی، عربی فارسی اور یونانی زبانیں بول لیتے ہیں۔ گروہ کسی کو امریکا اور برطانیہ میں لاکھوں ڈالر کی لاٹری نکلنے یا پرکشش سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر لوٹ مار کررہے تھے۔

گرفتار خاتون نے عربی، فارسی انگریزی زبان میں فون کالز کر کے لوگوں  کو بے وقوف بنا کر  رقم منگوائی۔گروہ  پاکستان میں سسٹم ہیک کر کے مختلف بینکوں کے اکاؤنٹس  سے کروڑ روپے نکال لیتا تھا جبکہ کچھ افراد  عزیز واقارب کو حادثات میں زخمی بتا کر کال کرتے اور موبایل بینکنگ کے زریعے رقم منگواتے۔

گروہ کے ارکان متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ماسکنگ کے ذریعے کال کرکے اور فیس بک، انسٹاگرام، ٹوئٹر اور واٹس ایپ پر مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں کے جعلی اکاؤنٹس بنا کر پرکشش عہدوں پر ملازمت دلانے سے لیکر امریکا، برطانیہ، فرانس اور دیگر ممالک میں خوبصورت خواتین اور مرد حضرات کے رشتہ کرانے کی آڑ میں بھی درجنوں افراد کو لاکھوں پاؤنڈز ڈالر اور یورو سے محروم کر چکے ہیں۔

اس گروہ کے خلاف ایف آئی اے سائبر ونگ کو لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں 500 سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی تھی۔

ایف آئی اے نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے فراڈ کرنے والے گروپ میں شامل ہو کر ان  کو ٹریس کیا اور شیخو پورہ میں کارروائی کرتے ہوئے ان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد کے خلاف سائبر قوانین کی مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے موبائل فون، لیپ ٹاپ، جدید ماڈل کی مختلف گاڑیوں سمیت دیگر سامان قبضہ میں لیکر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔