امریکی گلوکار کانیے ویسٹ کی لائیو اسٹریم میں ’ہٹلر‘ اور ’نازیوں‘ کی تعریفیں

ویب ڈیسک  جمعـء 2 دسمبر 2022
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 نیویارک: معروف امریکی گلوکار کانیے ویسٹ کی لائیو اسٹریم کے دوران ایڈولف ہٹلر کی تعریف کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد غم وغصّے کا اظہار کر رہی ہے۔

کانیے ویسٹ ایک لائیو اسٹریم میں سیاہ رنگ کے ماسک سے اپنا منہ چھپائے نمودار ہوئے اور ایک سوال کے جواب میں گلوکار نے کہا کہ ’مجھے ایڈولف ہٹلر پسند ہیں اور مجھے ہٹلر کے بہت سے اچھے کام بھی نظر آتے ہیں‘۔

اُنہوں نے کہا کہ ’ہٹلر نے شاہراہیں بنائیں اور مائیکروفون ایجاد کیا جو میں بطور موسیقار استعمال کرتا رہا‘۔

کانیے ویسٹ نے مزید کہا کہ’میں اب اس پابندی سے تنگ آگیا ہوں کہ کوئی بھی انسان ہٹلر کے اچھے کاموں کے بارے میں بات نہیں کرسکتا‘۔

گلوکار نے کہا کہ ’میں معاشرے کی درجہ بندی سے اکتا چکا ہوں، ہر انسان میں اور خاص طور پر ہٹلر کے پاس کچھ اہم خصوصیات ہیں جنہیں دنیا کے سامنے لایا جاسکے‘۔

لائیو اسٹریم میں گلوکار نےصرف ایڈولف ہٹلر کی تعریف کرنے کے بعد خاموشی اختیار نہیں کی بلکہ ایک اور سوال کے جواب میں نازیوں کی بھی تعریف کردی، جنہیں امریکا میں نفرت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ’نازی بھی بہت سی اچھی خصوصیات کے مالک ہیں، ہمیں ہر وقت نازیوں کو برا بھلا کہنا بند کرنا ہو گا، میں نازیوں کو بھی پسند کرتا ہوں‘۔

واضح رہے کہ کانیے ویسٹ کے یہود مخالف تبصروں کے بعد ان کے کئی تجارتی تعلقات بھی خراب ہوئے ہیں لیکن نقصان کے باوجود بھی امریکی گلوکار نے اپنا مؤقف تبدیل نہیں کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔