معذور افراد کو بااختیار بنانے کا بل اسمبلی میں پیش کیا جائیگا، ایکسپریس فورم

اجمل ستار ملک / احسن کامرے  ہفتہ 3 دسمبر 2022
 فورم میں عرفان گوندل، ڈاکٹر خالد جمیل، لیلیٰ خالد، لالہ جی سعید اقبال مرزا شریک گفتگو  ۔ فوٹو : ایکسپریس

فورم میں عرفان گوندل، ڈاکٹر خالد جمیل، لیلیٰ خالد، لالہ جی سعید اقبال مرزا شریک گفتگو ۔ فوٹو : ایکسپریس

 لاہور: خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کا قانون کابینہ نے منظور کر دیا ہے اور اب اسمبلی میں پیش کیا جا رہا ہے،اس بل میں پہلی دفعہ تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں خصوصی بچوں کیلیے 3فیصد کوٹہ ہوگا، ضلعی سطح پر خصوصی عدالتیں ہوں گی۔

خصوصی افراد کی تضحیک کرنے والوں کو جرمانے ہونگے جبکہ ریاست خصوصی افراد کو وہیل چیئر، عینک سمیت درکار ڈیوائسز فراہم کرنے کی پابند ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار شرکا نے ’’خصوصی افراد کے عالمی دن‘‘ کے حوالے سے منعقدہ ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں کیا۔

ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب محمد عرفان گوندل نے کہا کہ خصوصی افراد کو بااختیاربنانے کے حوالے سے قانون کابینہ سے منظور ہوچکا ہے، اس کے تحت ہر نجی سکول میں بھی اب 3 فیصد بچے خصوصی افراد ہونگے ضلعی سطح پر خصوصی عدالت قائم ہوگی ، خصوصی افراد کو وہیل چیئر، عینک سمیت درکار ڈیوائسز فراہم کی جائیں گی۔

بگ برادر ڈاکٹر خالد جمیل نے کہا کہ رواں سال ہم نے خصوصی افراد کے عالمی دن کو ان کی جذباتی پختگی سے منسلک کیا ہے، عدم توجہی، معذوری و دیگر وجوہات کی بناء پر خصوصی افراد نفسیاتی مسائل کا شکار ہوجاتے ہیں ،انھیں مصنوعی اعضاء و دیگر سہولیات دینا اہم ہے مگر ہمیں انہیں جذباتی طور پر بھی مضبوط کرنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ میرا حکومتوں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا ہے،ماہر اسپیشل ایجوکیشن ڈاکٹر لیلیٰ خالد نے کہا کہ ہماری اسپیشل ایجوکیشن کی پالیسی اچھی ہے مگر بدقسمتی سے یہاں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے پالیسیوں پر عملدرآمد میں مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے پارک، شاپنگ مال، و دیگر مقامات خصوصی افراد کے لیے سازگار نہیں ہیں۔

چیئرمین پاکستان aسپیشل پرسنزاسلام آباد ، قائد اعظم گولڈ میڈلسٹ لالہ جی سعید اقبال مرزا نے کہا کہ غیر اسلامی ممالک میں خصوصی افراد کو جتنا ریلیف مل رہا ہے ہمارے ہاں اتنی ہی تکلیف دی جاتی ہے، عمومی رویے تو مسئلہ ہیں ہی، سرکاری دفاتر میں بھی خصوصی افراد کے ساتھ رویہ اچھا نہیں ہے۔ ڈسٹرکٹ سرکاری ہسپتالوں میں معذوری کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔