وکیل کو سزائے قید سنانے پر پنجاب بھر میں وکلا کی جزوی ہڑتال

ویب ڈیسک  ہفتہ 3 دسمبر 2022
پنجاب بار کونسل نے صوبے بھر کی عدالتوں میں ہڑتال کی کال دی تھی (فوٹو فائل)

پنجاب بار کونسل نے صوبے بھر کی عدالتوں میں ہڑتال کی کال دی تھی (فوٹو فائل)

 لاہور: صوبائی دارالحکومت میں ایک وکیل کو قید کی سزا سنائے جانے کے خلاف وکلا کی جانب سے پنجاب بھر کی ماتحت عدالتوں میں جزوی ہڑتال جا رہی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وکیل کو عدالت کی جانب سے تین ماہ  قید کی سزا سنائے جانے کے فیصلے کے خلاف پنجاب بار کونسل نے صوبے بھر کی عدالتوں میں ہڑتال کی کال دی تھی۔پنجاب بار کونسل کی جانب سے اپیل کی گئی تھی کہ وکلا عدالتوں میں پیش نہ ہوں۔

دوسری جانب نامناسب رویے پر وکیل کو 3 ماہ کی سزا سنائے  جانے کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر کرلی گئی ہے، جس پر سماعت کے لیے جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے، جو کیس کی آج ہی سماعت کرے گا۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے سینئر جج جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے رانا محمد آصف ایڈووکیٹ کو جمعہ کے روز 3 ماہ قید کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف وکیل کی جانب سے گزشتہ روز ہی اپیل دائر کر دی گئی تھی۔کمرہ عدالت میں گاؤن پہننے سے منع کرنے پر وکیل کی جانب سے نامناسب رویہ اختیار کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔