پی پی کے وقار مہدی بلامقابلہ سینیٹر منتخب، کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری

عامر فاروق  ہفتہ 3 دسمبر 2022
(فائل فوٹو)

(فائل فوٹو)

کراچی: سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست پر انتخاب کا معاملہ، پی پی کے وقار مہدی بلامقابلہ کامیاب ہوگئے، ریٹرننگ افسر نے وقار مہدی کی کامیابی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کے تمام امیدوار معاہدے کے تحت سینیٹ الیکشن سے دستبردار ہوئے جبکہ پی پی کے امیدوار عاجز دھامرا نے بھی کاغذات نامزدگی واپس لیے جس کے بعد وقار مہدی سندھ کی نشست پر بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہوگئے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کوئی بھی سینیٹر سندھ کی نشست سے بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوا ہے۔

الیکشن کمیشن نے وقار مہدی کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ریٹرننگ آفیسر اعجاز انور چوہان نے وقار مہدی کے بلامقابلہ سینیٹر منتخب ہونے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کی وقار مہدی کو بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ صدر آصف علی زرداری کی مفاہمتی پالیسی کا تسلسل ہے، سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی اکثریت ہے، وقار مہدی آسانی سے کامیابی حاصل کرسکتے تھے مگر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کا ویژن ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلنا ہے،  پاکستان پیپلز پارٹی نے آج اپنے ایک اور سیاسی کارکن کو ایوان بالا تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ  یہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریے اور کارکنوں کی کامیابی ہے۔

میڈیا سے کرتے ہوئے وقار مہدی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے ہیں، آصف علی زرداری مفاہمت پر یقین رکھتے ہیں۔

میڈیا سے بات چیت کے دوران ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ کچھ ماہ پہلے ہی ایم کیو ایم سے نام مانگ لیے گئے تھے، ایڈمنسٹریٹر کے لیے ایم کیو ایم کے عبدالوسیم کا نام زیر غور ہے، ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں بھی شامل کرنے پر مذاکرات جاری ہیں انہوں نے واضح کیا کہ ایڈمنسٹریٹر شپ دینے اور سینیٹر شپ لینے کا معاملہ ڈیل نہیں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔