اگر دشمن نے جنگ مسلط کی تو بھرپور جواب دیا جائے گا، آرمی چیف

ویب ڈیسک  ہفتہ 3 دسمبر 2022
—فوٹو

—فوٹو

 راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کسی بھی غلط فہمی کا نتیجہ غلط مہم جوئی کا باعث بنتا ہے اور اگر دشمن نے کبھی جنگ مسلط کی تو بھر پور جواب دیا جائے گا۔ 

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول کے رکھ چکری سینٹر کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر تعینات اہلکاروں سے ملاقات کی۔

اس موقع پر آرمی چیف کو  ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال اور فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ حال ہی میں بھارتی قیادت کی جانب سے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پر انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیانات سامنے آئے ہیں، میں واضح کر دوں کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنی مادر وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے تیار ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی ریاست کبھی اپنے مذموم عزائم کو کبھی حاصل نہیں کر سکے گی اور دنیا نے کشمیری عوام سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق وعدہ کیا ہے۔

اس موقع پر آرمی چیف نے افسران اور سپاہیوں سے بات چیت کی اور مشکل حالات میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران ان کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ قابلیت اور جنگی تیاری کو سراہا۔  قبل ازیں کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔