شہری کے اغوا میں ملوث سی ٹی ڈی کے 3 اہلکاروں کی درخواست ضمانت مسترد

کورٹ رپورٹر  ہفتہ 3 دسمبر 2022
فوٹو فائل

فوٹو فائل

  کراچی: انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے اغوا برائے تاوان سے متعلق مقدمے میں 3 سی ٹی ڈی اہلکاروں کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

کراچی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے روبرو اغوا برائے تاوان سے متعلق مقدمے میں 3 پولیس اہلکاروں انسپکٹر جاوید حسین، ارشد اقبال اور جاوید علی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان کو قانون نافذ کرنے والے ادارے نے انکل سریا اسپتال کے قریب سے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا۔ ملزمان نے کہا کہ ہم نے کسی کو اغواء نہیں کیا، اپنے پولیس والے ہی جھوٹے کیس میں ملوث کررہے ہیں۔

مدعی مقدمہ آکاش نے کہا کہ 20 اور 21 نومبر کی رات کو میرے بھائی نے واٹس ایپ پر کال کی کہ مجھے سی ٹی ڈی اہلکاروں نے اغواء کرلیا ہے۔ پولیس اہلکاروں نے میرے بھائی کی رہائی کے لیے 50 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ اغوا برائے تاوان کی واردتیں دیہی اور شہری علاقوں میں بلاتعطل بغیر کسی روکاوٹ کے ہورہی ہیں۔ یہ صورتحال شہریوں میں خوف پیدا کررہی ہے اور اس وجہ سے شہریوں میں عدم تحفظ پیدا ہوتا ہے۔

جج نے کہا کہ ملزمان کیخلاف شواہد موجود ہیں۔ لہذا ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کی جاتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔