گولی کا خوف ؛ ڈاکوؤں نے اسلحہ دکھائے بغیر دکاندار کو لوٹ لیا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 4 دسمبر 2022
ہتھیاروں کے بغیر ڈکیت آئل کی دکان میں دکانداروں کو لوٹ رہے ہیں   ۔ فوٹو : ایکسپریس

ہتھیاروں کے بغیر ڈکیت آئل کی دکان میں دکانداروں کو لوٹ رہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی: ضلع وسطی کے علاقے گلبرگ کیفے پیالہ ہوٹل کے قریب انجن آئل کی دکان میں ڈاکوؤں نے اسلحہ دکھائے بغیر دکاندار کو لوٹ لیا۔

واردات کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جا سکتا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکو جو کہ شلوار قمیص پر لیدر جیکٹ اور سر پر اونی ٹوپی پہنے ہوئے تھے دکان کے سامنے آکر رکتے ہیں جبکہ فوٹیج میں ایک دکاندار کو کو دکان میں جھاڑو لگاتے ہوئے دکھائی دیا جبکہ دوسرا دکان کے باہر کھڑا تھا جسے دونوں ڈکیت اپنے ساتھ ہی دکان میں لے آئے۔

فوٹیج میں سب سے دلچسپ بات یہ تھی کہ ڈاکوؤں نے واردات کے دوران اسلحہ نکالے بغیر ہی دونوں دکانداروں کو انتہائی اطمینان کے ساتھ لوٹا اور ان کی بھرپور جامع تلاشی بھی لی۔

دکاندار کی جیب سے ملنے والے پرس کا دوسرے ڈکیت نے پوسٹ مارٹم کیا اور اس میں سے نکلنے والی نقدی اپنے قبضے میں لیکر بآسانی موقع سے فرار ہوگئے۔

ایک جانب ڈسٹرکٹ سینٹرل میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں کے دوران شہری نہ صرف نقدی، موبائل فونز اور دیگر اشیا سے محروم ہو رہے ہیں اور ساتھ ہی ڈاکو انھیں معمولی سے مزاحمت پر فائرنگ کا نشانہ بنانے سے بھی دریغ نہیں کر رہے تو دوسری جانب دکاندار بھی ڈاکوؤں سے محفوظ دکھائی نہیں دیتے ہیں جس سے بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ڈاکوؤں کو پولیس کا کوئی ڈر و خوف نہیں اور وہ آزادانہ طور پر اپنے ہدف کو نشانہ بنا کر فرار ہو جاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔