آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی 30 نشستوں پر کامیاب

ویب ڈیسک  اتوار 4 دسمبر 2022
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

راولا کوٹ: الیکشن کمیشن نے آزاد کشمیر بلدیاتی انتخابات کے ضلع کونسل کے سرکاری نتائج جاری کردیے جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 30 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی۔

سیکریٹیر الیکشن کمیشن غضنفر علی نے الیکشن کنٹرول روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 88 میں سے 82 ضلع کونسل کی نشستوں کے نتائج مکمل ہو گئے ہیں، 6 اضلاع کونسل کی نشستوں پر ہنگامہ آرائی کی وجہ سے پولنگ کا عمل مکمل نہیں ہوا، جن کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 82 اضلاع کے حتمی اور سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے 30 نشستیں حاصل کیں جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن 22 اور پیپلزپارٹی 13 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ اسی طرح جموں کشمیر پیپلزپارٹی نے پانچ اور آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس نے چار جبکہ جے یو آئی نے ایک نشست پر فتح حاصل کی۔

پونچھ ڈویژن

سیکریٹری الیکشن کمیشن کے مطابق پونچھ ڈویژن کے دونوں میونسپل کارپوریشن کے سرکاری نتائج کے مطابق مجموعی پر ضلع کونسل کی نشستوں پر 8امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

راولاکوٹ

اسی طرح راولاکورٹ کی میونسپل کارپوریشن کی کُل بائیس نشستوں کے حتمی اور سرکاری نتائج بھی مکمل ہوگئے، جس کے مطابق جموں کشمیر پیپلز پارٹی میونسپل کارپوریشن کی 8 نشتوں کے ساتھ سرفہرست رہی جبکہ پیپلزپارٹی چار، مسلم لیگ ن تین اور پی ٹی آئی دو نشستوں پر کامیاب ہوئی۔

جبکہ میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ سے پانچ آزاد امیدواروں نے بھی میدان اپنے نام کیا،

میونسپل کارپوریشن باغ کے نتائج     

حتمی اور سرکاری نتائج کے مطابق باغ میں میونسپل کارپوریشن کی 9 نشتیں پی ٹی آئی نے اپنے نام کیں جبکہ پیپلزپارٹی دو اور تین پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔

راولاکوٹ میں اپوزیشن جماعتیں جبکہ باغ میں تحریک انصاف میئر منتخب کرے گی۔

پونچھ ڈویژن کی میونسپل کمیٹیز کے سرکاری نتائج       

میونسپل کمیٹی کہوٹہ حویلی کی کل تین نشستوں میں سے مسلم لیگ ن 2 نشستیں جیت کر پہلے نمبر پر رہی جبکہ تحریک انصاف نے 1 نشست جیتی۔ میونسپل کمیٹی کہوٹہ میں مسلم لیگ ن اپنا چیئرمین اور وائس چیئرمین منتخب کر لے گی۔

میونسپل کمیٹی ہجیرہ کل 7 نشتیں

حتمی اور سرکاری نتائج کے مطابق میونسپل کمیٹی ہجیرہ کی کُل 7 نشستوں میں سے 4 آزاد امیدوار جیت گئے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 2اور پی ٹی آئی نے ایک نشست حاصل کی۔ یوں ہجیرہ ہجیرہ میونسپل کمیٹی میں آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل کرنے والی جماعت چیئر مین اور وائس چیئرمین منتخب کرکے گی۔

میونسپل کمیٹی پلندری کے نتائج       

پلندری کی میونسپل کمیٹی کے اضلاع کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف4 مسلم لیگ ن 1 اور دو آزاد امیدوار کامیاب ہوئی، یہاں پی ٹی آئی اپنا چیئرمین وائس چیئرمین منتخب کرسکے گی۔

پونچھ ڈویژن ٹاؤن کمیٹیز کے سرکاری نتائج    

ٹاؤن کمیٹی دھیرکوٹ مسلم کانفرنس 1، پاکستان پیپلز پارٹی 1 اور 2 آزاد امیدوار کامیاب جبکہ تحریک انصاف کوئی نشست حاصل نہ کر سکی۔    یہاں آزاد امیدواروں کی حمایت حاصل کرنے والی پارٹی چیئر مین ،وائس چیئر مین منتخب کر سکے گی۔

ٹاؤن کمیٹی تراڑ کھل کی کُل 6 نشستوں میں سے تحریک انصاف 3 مسلم لیگ ن 1 جبکہ دو نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے، تحریک انصاف آزاد امیدواروں کی حمایت سے چیئر مین اور وائس چیئرمین منتخب کر سکتی ہے۔

ٹاؤن کمیٹی بلوچ مجموعی چار نشستوں میں سے پاکستان تحریک انصاف تین جبکہ مسلم لیگ ن ایک نشست پر کامیاب ہوئی جبکہ ٹاؤن کمیٹی عباسپور کی کل 5 نشتوں میں سے تحریک انصاف 3، پیپلز پارٹی 1 اور ایک آزاد امیدوار کامیاب ہوا، یہاں تحریک انصاف باآسانی اپنا چیئرمین اور وائس چیئرمین منتخب کرسکتی ہے۔

ٹاؤن کمیٹی کھائی گلہ کی نشستیں

الیکشن کمیشن کے مطابق کھائی گلہ ٹاؤن کمیٹی کی کُل 11 نشتوں میں سے پاکستان پیپلز پارٹی 3، تحریک انصاف 3، مسلم لیگ ن 1، جموں کشمیر پیپلز پارٹی 1جبکہ آزاد امیدوار دو کامیاب 1 نشست پر تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کے ووٹ برابر ہو گئے، ٹاؤن کمیٹی کھائی گلہ میں پیپلز پارٹی اپوزیشن جماعتوں اور آزاد امیدوار کی حمائت سے چیئرمین وائس چیئر مین منتخب کر سکتی ہے۔

پونچھ ڈویژن کے چار اضلاع کی وارڈز کے سرکاری نتائج          

الیکشن کمیشن کے مطابق پونچھ ڈویژن کے کل 702 وارڈ میں سے 660 کے سرکاری نتائج الیکشن کمیشن نے جاری کر دیئے۔ سب سے زیادہ 219 آزاد امیدوار جیت گئے، تحریک انصاف 188 مسلم لیگ ن 103 پاکستان پیپلز پارٹی 95 نشتیں جیت گئی، مسلم کانفرنس 23 جموں کشمیر پیپلز پارٹی 15 نشستوں پر کامیاب ہوئی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔