جب تک وہ ریٹائر نہیں ہوئے عمران خان کی زبان بند تھی، سعد رفیق

ویب ڈیسک  اتوار 4 دسمبر 2022
فوٹو : فائل

فوٹو : فائل

 لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ جب تک وہ ریٹائر نہیں ہوئے آپ کی زبان بند تھی جبکہ معاون خصوصی نے کہا ہے کہ غیرآئینی اقدام نہ ماننے پر عمران خان جنرل باجوہ کیخلاف جھوٹے الزامات پر اتر آئے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جب تک وہ ریٹائر نہیں ہوئے آپ (عمران) کی زبان بند تھی اور ملازمت ختم ہوتے ہی آپ نے الزامات لگانا شروع کردیے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایک دن کہتے ہیں بات کروں گا اور دوسرے دن اُسے مذاق کہہ دیتے ہیں، اب یہ نہیں معلوم بات اور مذاق کب کرتے ہیں، ایسے میں ان سے کون بات کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’ایک ہی آدمی (عمران خان) روز اپنی غلطیوں کا اعتراف کرتا ہے، کبھی وہ دورہ روس اور کبھی آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کو غلط کہتا ہے‘۔

وفاقی وزیر نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہک ‘ہم نے الیکشن سے نہیں بھاگنا، اب آپ کلیے سہولت کار اور جہاز اب دستیاب نہیں ہیں، سیاسی یقین پر الیکشن لڑنا ہے تو آئیں ہم نے ساری زندگی یہی کیا ہے، نظام کو چلنے دیں کس بات کی جلدی ہے اور آپ کو کون سی آگ بجھانی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلیاں توڑنے کیلیے نہیں چلانے کے لیے بنتی ہیں، سب کو ملکر ملک کا سوچنا ہوگا۔

دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے منافقت کی انتہا کردی اور عمران خان جھوٹے الزامات پر اتر آئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے غیرآئینی طور پر جنرل (ر) عدم اعتماد روکنے کا تقاضہ کیا اور بدلے میں تاحیات ملازمت کی پُرکشش پیش کش کی، انکار کرنے پر اب وہ جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔