سائفر آڈیو لیک اسکینڈل کی انکوائری روکی جائے، عمران خان نے عدالت سے رجوع کرلیا

ویب ڈیسک  پير 5 دسمبر 2022
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر آڈیو لیک اسکینڈل کی انکوائری کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دلانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے سائبر آڈیو لیک کے معاملے میں لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔ عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل نے ایف آئی اے، وفاقی حکومت اور تفتیشی افسر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان ملک کے سابق وزیر اعظم اور نامور شخصیت ہیں، عمران خان کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا۔

موقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان ایک ایمان دار، باعزت شہری اور ملک کی نامور شخصیت ہیں، عمران خان کا ملکی سیاست کو نئے دھارے میں لانے میں اہم کردار ہے، عمران خان کی بڑھتی ہوئی شہرت سیاسی طاقتوں کے خلاف ایک خطرہ بن چکی ہے، بطور وزیراعظم عمران خان نے امریکا کو افغانستان سے نکلنے میں کامیاب کردار ادا کیا۔

موقف اختیار کیا گیا کہ ایف آئی اے نے سائفر میسج کے معاملے پر انکوائری شروع کر رکھی ہے، ایف آئی اے نے سائفر کے معاملے پر بیان قلم بند کروانے کے لیے 6 دسمبر کو طلب کیا ہے، سائفر انکوائری کو پہلے ہی سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے بے بنیاد انکوائری میں طلب کیا گیا، وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ بھی اسی سیاسی انتقام کا شاخسانہ ہے، طلبی نوٹس میں کسی قانون کی پاس داری نہیں کی گئی، سائفر آڈیو لیک اسکینڈل کی انکوائری کو غیر قانونی قرار دے کر کالعدم کیا جائے، درخواست کے حتمی فیصلے تک سائفر آڈیو لیک اسکینڈل انکوائری کو روکا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔