کراچی میں ریسٹورینٹ کے باہر بھکاری بچے کا قتل؛ عدالت کا شفاف تحقیقات کا حکم

کورٹ رپورٹر  پير 5 دسمبر 2022
بوٹ بیسن تھانے کا تفتیشی افسر کیس کی درست تحقیقات نہیں کررہا، درخواستگزار

بوٹ بیسن تھانے کا تفتیشی افسر کیس کی درست تحقیقات نہیں کررہا، درخواستگزار

  کراچی: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کھلونے بیچ کر بھیک مانگنے والے بچے کو قتل کرنے کے مقدمے میں ایس پی انوسٹیگیشن کو غیرجانبدارتفتیشی افسر مقرر کرنے اور شفاف تحقیقات کرنے کا حکم دیدیا۔

کراچی سٹی کورٹ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کے روبرو بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں بھیک مانگنے والے بچے کو قتل کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ 14 نومبر کو کلفٹن میں واقع ہوٹل کے سیکورٹی گارڈ نے بھیک مانگنے والے 8 سالہ بچے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

درخواستگزار نے کہا کہ بوٹ بیسن تھانے کے تفتیشی افسر کیس کی درست تحقیقات نہیں کررہا۔ خدشہ ہے کہ تفتیشی افسر کیس خراب کردے گا۔ بچے پر فائرنگ کرنے والا ملزم سیکورٹی گارڈ 20 دن سے زائد گزرنے کے باوجود گرفتار نہیں ہوا۔

عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر کو تبدیل کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے ایس پی انوسٹیگیشن کو غیرجانبدارتفتیشی افسر مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے غیر جانبدار تفتیشی افسر مقرر کرکے کیس کی شفاف تحقیقات کرنیکا حکم دیدیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔