- 90 روز میں الیکشن نہ ہوئے تو ہم سڑکوں پر ہونگے، عمران خان
- عدلیہ بچاؤ تحریک؛ اسد عمر کی سراج الحق سے ملاقات
- ایرانی سرحد سے دہشت گردوں کی فائرنگ، چار سیکیورٹی اہلکار شہید
- مفتی عبدالقیوم کے قتل میں ملوث پولیس اہلکار گرفتار
- کراچی کے مال میں دکان سے 80 لاکھ کے موبائل فون چوری
- منصور رانا نے پاکستان شاہینز کے ساتھ مینیجر بننے سے معذرت کرلی
- پشاور میں آٹے کی مفت تقسیم کے دوران پولیس اور شہریوں میں جھڑپیں
- پنڈی میں طالبعلم کا اغوا اور قتل، پولیس مقابلے میں اغوا کار بچے کا ٹیچر ہلاک
- لاہور؛ موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے سابق ایس پی جاں بحق
- وزیراعظم کی زیر صدارت اتحادیوں کا اجلاس، نواز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے شریک
- پاک نیوزی لینڈ ٹی20 سیریز؛ ٹکٹ کب کہاں اور کس قیمت پر ملیں گے؟
- بشریٰ بی بی نے نیب طلبی کو عدالت میں چیلنج کردیا، درخواست سماعت کیلیے مقرر
- مودی کی ڈگری دکھانے کے مطالبے پر وزیراعلیٰ دہلی پر جرمانہ عائد
- پنجاب حکومت نے آٹا تقسیم کے دوران 20 ہلاکتوں کا دعویٰ مسترد کردیا
- ’’خصوصی سلوک‘‘ نہیں چاہتا! ٹیم میں موقع دیا جائے، احمد شہزاد کا مطالبہ
- بھگدڑ سے ہلاکتیں؛ فیکٹری مالک سمیت 8 ملزمان ریمانڈ پر پولیس کے حوالے
- ایک اور غیر ملکی ایئرلائن کا پاکستان کیلیے آپریشن شروع کرنے کا اعلان
- جسٹس مسرت ہلالی نے قائم مقام چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کا حلف اٹھا لیا
- بھارت میں انتہائی مطلوب سکھ رہنما نے نامعلوم مقام سے ویڈیو پیغام جاری کردیا
- مارچ میں افراط زر کی شرح 35.4 فیصد کی بلند ترین سطح پر آگئی
جو ڈر گیا وہ مر گیا

رواں سال 6 میں سے صرف ایک ہی میچ جیتا،بیٹسمینوں کو بھی اپنے انداز پر نظرثانی کی ضرورت ہے (فوٹو: پی سی بی)
’’یار یہ بین اسٹوکس کتنا بے وقوف کپتان ہے، پچ فلیٹ اور ابھی اتنا وقت باقی ہے،پھر بھی اننگز ڈیکلیئرڈ کر دی، کیسے شکست سے بچے گا، کیا وائرس انگلش کپتان کے دماغ پر بھی چڑھ گیا ہے ہاہاہا، بازبال ہنہ یہ فضول کی گوروں کی باتیں ہیں، اوے ایتھے بیس بال کوئی نہیں جانتا تے بازبال کی چیز ہے‘‘
اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں اتوار کو آپ لوگ ایسی ہی باتیں سوچ رہے تھے ناں، مگر انگلینڈ کے حالیہ کھیل پر نظر رکھنے والے جانتے تھے کہ برینڈن میک کولم کی کوچنگ میں کھیلنے والی یہ ٹیم بہت بے خوف ہے اور جیت کیلیے آخر تک جان لڑائے گی۔
یہی ہوا، سورج تقریبا غروب ہو چکا اوراندھیرے کا راج تھا، فلڈلائٹس کے بھی آدھے بلب بند تھے، امپائر لائٹ میٹر لگا کر چیک کرنے لگے تھے، کسی بھی وقت میچ کے اختتام کا اعلان ہو جاتا، ایسے میں وکٹ کیپر اور سلپ فیلڈر کے درمیان سے کیچ نکل گیا،اچانک محمد علی کو واش روم جانا پڑ گیا اور نسیم شاہ کو گلوز تنگ کرنے لگے جسے تبدیل کرنے کا اشارہ کر دیا،وقت تیزی سے گذرتا جا رہا تھا اس کے باوجود اسٹوکس کا چہرہ پْرسکون تھا۔
وہ جانتے تھے کہ اپنے حصے کا کام کر چکے، اب قسمت میں فتح لکھی ہے تو ملے گی ورنہ ڈرا پر اکتفا کرنا پڑے گا، اگر آپ کی نیت صاف ہو اور بے خوف ہو کر کوشش کریں تو منزل مل ہی جاتی ہے، یہی انگلینڈ کے ساتھ ہوا، جیسے ہی اسپنر جیک لیچ کی گیند نسیم شاہ کے پیڈز پر لگی اور زوردار اپیل پر امپائر نے انگلی بلند کر دی مہمان کھلاڑیوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا،پاکستان کی یہ شکست افسوسناک بلکہ شرمناک ہے۔
آپ نے پوری کوشش کی کہ ڈیڈ پچ بنا کر میچ کسی طرح ڈرا کر لیں پھر بھی ہار گئے، اب کیا کریں گے؟ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کھیلنے کا چانس بھی تقریبا ختم ہو گیا، عبد اللہ شفیق اور بابراعظم چوتھے دن ہی رخصت ہو گئے تھے، اس کے باوجود پاکستان کی فتح یا ڈرا کا امکان ہی زیادہ تھا،امام الحق راولپنڈی کی ڈیڈ پچ پر مسلسل تین سنچریاں بنا چکے تھے، مگر پانچویں دن دباؤ پڑا تو چلتے بنے، سب سے زیادہ مایوس اظہر علی نے کیا۔
12 سال سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے باوجود اگر وہ اسٹار کا درجہ نہیں پا سکے تو وجہ یہی ہے کہ ضرورت کے وقت کچھ نہیں کرتے، چلیں جتوا نہیں سکتے تھے تو آخر تک کھیل کر میچ ڈرا ہی کرا دیتے،سعود شکیل نے ڈیبیو پر اچھی اننگز کھیلی لیکن ان کے پاس بھی ہیرو بننے کا بہترین موقع تھا جس سے فائدہ نہ اٹھایا،محمد رضوان ابتدا میں جدوجہد کرتے رہے پھر جب لگا کہ سیٹ ہو گئے ہیں تو وکٹ گنوا بیٹھے،سلمان علی آغا قابل بھروسہ بیٹر نہیں ہیں۔
اسی لیے شکست صاف نظر آنے لگی تھی، پہلے پاکستانی ٹیم میں بہترین آل راؤنڈرز ہوا کرتے تھے اب آخری چاروں ٹیل اینڈرز ہیں،اسی لیے ناکامی سے نہ بچا جا سکا، میچ میں1768 رنز اور7 سنچریاں بنیں اس سے پچ کی حالت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے،جب سے رمیز راجہ چیئرمین بنے ہیں ہماری حکمت عملی دفاعی نظر آنے لگی ہے۔
حالانکہ انھوں نے دعوے اس کے برعکس کیے تھے، پچز کی تیاری میں یہ بات ذہن میں رکھی جاتی ہے کہ کسی طرح ہار سے بچ جائیں،آسٹریلیا کیخلاف بھی یہی کیا اور انگلینڈ سے پہلے ٹیسٹ میں بھی ایسی ہی حکمت عملی نظر آئی، تب سیریز گنوا دی تھی اور اب بھی بدترین آغاز ہوا ہے،بابر اعظم کی کپتانی پر بھی سوال اٹھ رہے ہیں۔
وہ بروقت درست فیصلے نہیں کر پا رہے،موٹیویشنل اسپیکر ثقلین مشتاق تو پہلے ہی ناکام کوچ ثابت ہو چکے ہیں، سب سے مضحکہ خیز بات یہ تھی کہ بیٹنگ کوچ محمد یوسف کو پی سی بی نے ملتان بھیج دیا تاکہ سپورٹنگ پچ کی تیاری کرا سکیں، وہ کیا کوئی پچ ایکسپرٹ ہیں جو انھیں بھیجا، یہ صرف دکھاوے کے اقدامات ہیں۔
ایک ڈیڈ پچ پردوسری اننگز میں 9 وکٹیں انگلینڈ کے پیسرز نے اڑا دیں،40 سال کی عمر میں جیمز اینڈرسن کی بولنگ نہیں کھیلی جا رہی، اب کون ہمت کرے گا کہ ایسی پچز بنائیں جہاں پیسرز کو بھی مدد ملے، اولی روبنسن داد کے مستحق ہیں جنھوں نے بے جان پچ پر بھی زبردست بولنگ کی،پاکستان کیلیے بڑا مسئلہ شاہین شاہ آفریدی کی عدم دستیابی کا تھا اب حارث رؤف بھی انجرڈ ہو گئے ہیں۔۔
سارا بوجھ نسیم شاہ پر آئے گا، محمد علی نے متاثر نہیں کیا، سلیکٹرز کو ہوش کے ناخن لیتے ہوئے اسکواڈ میں تبدیلیاں کرنی چاہیئں،لیفٹ آرم پیسر میر حمزہ اچھا پرفارم کرنے کے اہل ہیں،محمد عباس کا تجربہ بھی ٹیم کے کام آ سکتا ہے، محمد علی سے بہتر تو حسن علی ہی ثابت ہو سکتے ہیں،مسٹری اسپنر ابرار احمد کو اگر منتخب کیا ہے تو کھلائیں،زاہد محمود کا ڈیبیو تو انتہائی مایوس کن رہا، بیٹنگ میں فواد عالم کی واپسی ہونا چاہیے۔
سلمان علی آغا کی جگہ وہ کھیل سکتے ہیں،اظہر علی کے الوداعی میچ اور کسی نوجوان کھلاڑی کو ٹیم میں لانے کی تیاری شروع کریں۔ رمیز راجہ پچز کی تیاری کے معاملے سے خود کو جتنا دور رکھیں گے اتنا ہی اچھا ہے، ان کی دفاعی سوچ کا فائدہ نہیں الٹا نقصان ہی ہو رہا ہے،وہ اپنے آپ کو عقل کل سمجھتے ہیں مگر بدقسمتی سے ایسا ہے نہیں، جس کا جو کام ہے اسی کو کرنے دیں گے تو مناسب ہوگا،ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی کارکردگی زیادہ خاص نہیں ہے۔
رواں سال 6 میں سے صرف ایک ہی میچ جیتا،بیٹسمینوں کو بھی اپنے انداز پر نظرثانی کی ضرورت ہے، اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ آپ انگلینڈ کی طرح پہلے دن ہی 506 رنز نہیں بنا سکتے لیکن تھوڑا مثبت انداز تو اپنائیں، وہ زمانہ بیت گیا جب 2 دن بیٹنگ کرکے سنچری بناتے تھے،اب لوگ تیز بیٹنگ دیکھنا چاہتے ہیں۔
آپ تبدیلی لانے کی کوشش تو کریں،اگر سہم کر ہی کھیلتے رہے تو یہی ہو گا کہ ڈیڈ پچ پر بھی وکٹ نہیں بچا سکیں گے، دیکھتے ہیں ٹیم غلطیوں سے سبق سیکھتی ہے یا نہیں،آثار تو اچھے نہیں لگ رہے۔
(نوٹ: آپ ٹویٹر پر مجھے @saleemkhaliq پر فالو کر سکتے ہیں)
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔