سینٹورس مال کو ڈی سیل کر دیا گیا

ویب ڈیسک  منگل 6 دسمبر 2022
فوٹو : ایکسپریس نیوز

فوٹو : ایکسپریس نیوز

 اسلام آباد: کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے تاجروں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے سینٹورس مال کو ڈی سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق سینٹورس مال کو جلد ہی ڈی سیل کردیا جائے گا،جس حصے میں قوائد کی خلاف ورزیاں کی گئیں ہیں وہ حصہ بدستور سیل رہے گا۔

ذرائع کے مطابق سینٹورس انتظامیہ نے دکانداروں کو مال میں آنے کا کہہ دیا ہے، بیشتر تاجر اور عملہ سنٹورس پہنچ گیا ہے جس کے بعد  دکانوں اور ریسٹوران کو کھولنے کا عمل جاری، ہے۔

اس سے قل وفاقی دارالحکومت میں واقع سینٹورس مال کو سی ڈی اے کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول نے رات گئے سیل کر دیا تھا۔

سینٹورس مال انتظامیہ کو 6 بار نوٹس جاری کرنے کے بعد سیل کیا گیا، متعدد بار نوٹسز کے باوجود عمارت کے غیر موافق استعمال سے سی ڈی اے قواعد کی خلاف ورزیاں جاری رہیں۔

سینٹورس مال انتظامیہ کو پہلا نوٹس 7مارچ 2014، دوسرا نوٹس 25 اکتوبر 2019، تیسرا نوٹس 28دسمبر 2020، چوتھا نوٹس 31مارچ 2021، پانچواں نوٹس 11 اکتوبر 2021 اور چھٹا نوٹس 23 نومبر 2022 کو جاری کیا گیا۔

مسلسل نوٹسز کے باجود سینٹورس مال انتظامیہ نے تعمیل نہیں کی، جس پر مال کو سیل کیا گیا۔

سی ڈی اے کی جانب سے سینٹورس مال کو سیل کرنے پر سابق وزیر اعظم عمران خان نے پی ڈی ایم مافیا کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اپنی ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف انتقامی کارروائی کی گئی ہے۔

سینٹورس مال کو سیل کیے جانے کے بعد اسلام آباد کے تاجروں نے جناح ایونیو کو بند کر دیا جبکہ پارلیمنٹ کو جانے والی سڑک مکمل بلاک کر دی گئی۔ تاجر رہنماء اجمل بلوچ نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سینٹورس مال کو کھولا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔