شمالی کوریا نے ایک ساتھ 130 گولے داغ دیئے

ویب ڈیسک  منگل 6 دسمبر 2022
شمالی کوریا نے جنوبی کوریا اور امریکا کی مشترکہ فوجی جنگوں کے بعد یہ گولہ باری کی، فوٹو: فائل

شمالی کوریا نے جنوبی کوریا اور امریکا کی مشترکہ فوجی جنگوں کے بعد یہ گولہ باری کی، فوٹو: فائل

پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے اپنے مشرقی مغربی ساحل پر توپ خانوں سے ایک ساتھ 130 گولے داغے جن میں سے کچھ بفرزون (دو سرحدوں کے درمیان غیر جنگی علاقہ) میں گرے۔

شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملکی فوج کے سربراہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ درجنوں پروجیکٹائل کا پتہ چلنے پر جوابی کارروائی میں توپ داغے۔

شمالی کوریا کے فوج کے سربراہ نے اپنے بیان میں خبردار کیا کہ دشمن اگلے مورچوں کے نزدیک کشیدگی میں اضافے کا باعث بننے والی کارروائیوں سے باز رہے، ہم کسی بھی اشتعال انگیزی کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

شمالی کوریا کے سربراہ کے بیان میں یہ تو واضح نہیں کیا گیا کہ دشمن سے کون سا ملک مراد ہے اور یہ کہ پروجیکٹائل کس جانب سے آئے تھے تاہم گولے جنوبی کوریا کی سرحد کے نزدیک بفرزون میں گرے جس سے لگتا ہے کہ یہ مشق جنوبی کوریا کے لیے کی گئی۔

دوسری جانب جنوبی کوریا کی فوج نے شمالی کوریا پر گولہ باری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ توپ کے کچھ گولے بفرزون میں گرے جس پر ہم نے عالمی قوانین کی پاسداری میں متعدد انتباہی پیغامات بھیجے تاہم شمالی کوریا نے جارحیت جاری رکھی۔

جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے اس عمل کو 2018 میں ہونے والے معاہدے کی واضح خلاف ورزی قرار دیکر عالمی قوتوں سے ایکشن لینے کی اپیل کی۔ جاپان نے بھی شمالی کوریا کی اس کارروائی کو جارحیت قرار دیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے گولہ باری جنوبی کوریا اور امریکا کی مشترکہ فوجی مشقوں کے بعد کی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔