نارتھ ناظم آباد میں پولیس  فائرنگ سے ڈاکو ہلاک، دوسرا زخمی حالت میں گرفتار

 منگل 6 دسمبر 2022
 فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

نارتھ ناظم آباد میں سی ٹی ڈی پولیس کی فائرنگ سے مبینہ طور پر ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہونے کے بعد خاموش کالونی سے گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حیدری مارکیٹ تھانے کےعلاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایف میں واقع نجی اسکول کےقریب سی ٹی ڈی پولیس کی فائرنگ سے مبینہ طور پر ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی۔

ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم مسلح ملزمان ایک شہری سے اسلحہ کے زور پر رقم چھین کر فرار ہو رہے تھے، مسلح ملزمان نے سی ٹی ڈی اہلکار کو دیکھ کر اس پر فائرنگ کردی جس پر سی ٹی ڈی اہلکار عامربنگش نے جوابی فائرنگ کی اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک مبینہ ڈاکو ہلاک ہو گیا۔

ایس ایچ اوحیدری مارکیٹ راشد حسین شاہ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکو کے پاس سے ایک پستول ملا ہے تاہم ڈاکو کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔

فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد موٹر سائیکل پر فرار ہونے والا مبینہ ڈکیت گُلبہارخاموش کالونی سفینہ چوک کے قریب جا کر موٹر سائیکل سے گر گیا جسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے  عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پولیس نے اسے گرفتار کرلیا ہے۔

کراچی پولیس کے میڈیا سیل کےمطابق زخمی ڈکیت کی شناخت سید خرم ولد سید ارشاد کے نام سے ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔