اعلیٰ تعلیم یافتہ بہن نے پسند کی شادی کیلیے بھائی کو قتل کروا دیا

ویب ڈیسک  بدھ 7 دسمبر 2022
پولیس نے آسیہ کو 2 شوٹرز اور کزن سمیت گرفتار کرلیا، دائرے میں تصویر مقتول عدنان کی ہے

پولیس نے آسیہ کو 2 شوٹرز اور کزن سمیت گرفتار کرلیا، دائرے میں تصویر مقتول عدنان کی ہے

 لاہور: کوٹ لکھپت کے علاقے میں اعلیٰ تعلیم یافتہ بہن نے پسند کی شادی کے لیے اپنے بھائی کو قتل کروا دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں نوجوان کے قتل کی واردات کا ڈراپ سین ہوگیا، جس کے مطابق اعلیٰ تعلیم یافتہ لڑکی نے پسند کی شادی کے لیے اپنے بھائی کو قتل کروا دیا۔

پولیس کے مطابق بہن نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر شوٹرز کے ذریعے بھائی کو قتل کروایا۔ ملزمہ آسیہ ایم اے انگلش اور اپنے ماموں زاد وقاص سے شادی کرنا چاہتی تھی جب کہ مقتول بھائی عدنان بہن کی شادی کسی پڑھے لکھے نوجوان سے کرانا چاہتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پنڈی میں معمولی تلخ کلامی پر سگی بہن کو قتل کرنے والا گرفتار

ابتدائی تفتیش کے مطابق عدنان کو مارنے کے لیے ملزمان سے 2 لاکھ 70 ہزار روپے دینے کی ڈیل ہوئی۔  ملزمہ آسیہ نے اٹلی میں مقیم وقاص کے ساتھ مل کر اپنے بھائی کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا۔ پولیس نے آسیہ کو 2 شوٹرز اور کزن سمیت گرفتار کرلیا جب کہ ملزم وقاص کو اٹلی سے گرفتار کرنے کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کروائے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔