عالمی مقابلے میں اسکارف اتار کر حصہ لینے پر ایرانی کوہ پیما کا گھر منہدم

ویب ڈیسک  بدھ 7 دسمبر 2022
کوہ پیما الناز رکابی نے اولمپک مقابلے میں اسکارف اتار دیا تھا، فوٹو: ٹوئٹر

کوہ پیما الناز رکابی نے اولمپک مقابلے میں اسکارف اتار دیا تھا، فوٹو: ٹوئٹر

تہران: ایرانی حکومت نے بین الاقوامی مقابلے کے دوران اسکارف اتار کر حصہ لینے والی اپنی کوہ پیما الناز رکابی کا گھر مسمار کردیا۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا میں اکتوبر میں ہونے والے عالمی مقابلے میں ایران سے تعلق رکھنے والی کوہ پیما الناز رکابی نے بھی حصہ لیا تھا۔ ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انھیں کھیل سے پہلے اسکارف اتارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایران میں اُس وقت مھسا امینی کی پولیس حراست میں ہلاکت پر ملک گیر حجاب مخالف مظاہرے اپنے عروج پر تھے ایسے میں کوہ پیما خاتون کی ویڈیو وائرل ہونے پر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی اور خوب شہرت ملی۔

عالمی میڈیا نے الناز رکابی کے اسکارف اتار کر مقابلے میں حصہ لینے کی سرخیاں بنائیں اور ایران مظاہروں میں بھی الناز رکابی کو بہادر رکابی کہہ کر نعرے لگائے گئے۔ وطن واپسی پر بھی ایئرپورٹ پر بہادر رکابی کے نعرے لگائے گئے۔

تاہم چند دنوں بعد امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے ایک رپورٹ شائع کی جس میں بتایا گیا کہ اسکارف اتار کر کھیلوں میں حصہ لینے پر الناز رکابی کے 39 مربع میٹر پر محیط گھر کو مسمار کردیا گیا۔

سی این این نے ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں الناز رکابی کے بھائی داؤد رکابی گھر کے ملبے کے قریب روتے ہوئے بتا رہے ہیں کہ ملک کے لیے میڈلز لانے والی اور پوری دنیا میں فخر کا باعث بننے والی کھلاڑی کے ساتھ یہ سلوک کیا گیا۔

داؤد رکابی خود بھی کوہ پیمائی کے چیمپئن ہیں اور انہوں نے 10 طلائی تمغے جیت رکھے ہیں۔

خیال رہے کہ کوہ پیما الناز رکابی نے رواں ہفتے کے آخر میں انسٹاگرام پر لکھا تھا کہ ایرانی عوام، ساتھی کھلاڑیوں اور عالمی برادری کی بے حد شکر گزار ہوں۔

بعد ازاں سرکاری میڈیا کو انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ غلطی سے اسکارف کے بغیر مقابلے میں شریک ہوگئی تھیں تاہم اعتدال پسندوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کے زیر تسلط میڈیا نے زبردستی من چاہا انٹرویو لیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔