نواب اسلم رئیسانی ساتھیوں سمیت جمیعت علما اسلام میں شامل

ویب ڈیسک  بدھ 7 دسمبر 2022
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 کوئٹہ: کوئٹہ: بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ نواب اسلم رئیسانی نے  ساتھیوں اور عمائدین کے ہمراہ جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت کااعلان کردیا۔

کوئٹہ میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ جمعیت میں شامل ہونے کے حوالے سے ساتھیوں سے مشاورت کی ، ہم ایک دوسرے کے قریب ہیں،اور ملتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت کے دوستوں نے ماضی میں ہماری حکومت کا بھر پور ساتھ دیا، صوبے میں مضبوط سیاسی نظام کے لیے جدوجہد مزید تیز کریں گے، جے یو آئی کے ساتھ دوستی اور قربت ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا خطاب

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جمیعت علما اسلام کیلیے خوشی کے لمحات ہیں، بلوچستان کی ایک ممتاز شخصیت اپنے رفقاء کے ہمراہ جمعیت میں شمولیت اختیار کررہی ہے، نواب اسلم رئیسانی کو جمعیت علماء اسلام میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ساراوان ہاوس میں پہلی حاضری نہیں یہاں ہمیشہ آتے رہے ہیں، ہمیشہ کوشش رہی کہ نواب اسلم کیسے ہمارے ہاتھوں میں آئیں، ہماری کوشش ہوگی کہ نواب اسلم کے معیار کو برقرار رکھیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بلوچستان میں مسائل کے انبار مگر وسائل بہت کم ہیں اور افسوس کی بات یہ ہے کہ یہاں کے لوگوں کی اپنے وسائل تک دسترس نہیں ہے، ہم بلوچستان کے عوام کو صوبے کے وسائل کا مالک سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا راستہ اور جدوجہد کا رخ جمہوری ہے، امریکا اور یورپ کو کہتے ہیں کہ دوستی قبول غلامی کسی صورت قبول نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواب اسلم رئیسانی اور دیگر رہنماوٴں کی رہنمائی میں بہت اچھا وقت آئے گا، خوشحالی کا دور آنیوالا ہے، جس کے لیے ہمیں محنت کرنا پڑے گی تاکہ ہم اپنی حکومتیں بنائیں، ہم نے بیرونی قوتوں کے مفادات اور ان کے وفاداروں کے چنگل سے پاکستان کو نکالنا ہے، ہم پاکستان کےآئین اور قانون کےدائرے میں رہتے ہوئے کام کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔