ٹائٹل کی جنگ 32 سے 8 ٹیموں تک سمٹ آئی

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 8 دسمبر 2022
نشست پکی کرانے والی سائیڈزمیں برازیل سب سے زیادہ 5 ٹرافیز جیت چکی (فوٹو: ٹوئٹر)

نشست پکی کرانے والی سائیڈزمیں برازیل سب سے زیادہ 5 ٹرافیز جیت چکی (فوٹو: ٹوئٹر)

کراچی: ورلڈ کپ ٹائٹل کی جنگ 32 سے 8 ٹیموں تک سمٹ آئی جب کہ جمعے سے کوارٹر فائنلز میں مزید 4 ٹیموں کو ناک آؤٹ کرنے کیلیے گھمسان کا رن پڑے گا۔

منگل کے روز کھیلے گئے میچز کے ساتھ ہی قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کا لاسٹ 16 مرحلہ بھی ختم ہوگیا، اس کے ساتھ ہی ایونٹ میں بڑے خواب آنکھوں میں سجائے شریک ہونے والی 32 ٹیموں میں سے صرف 8 باقی رہ گئی ہیں۔

ابتدائی راؤنڈ سے ہی جرمنی، بیلجیئم، یوروگوئے اور ڈنمارک جیسی بڑی ٹیموں کا بوریا بستر گول ہوگیا تھا، جس کے بعد لاسٹ 16 میں سے امریکا، آسٹریلیا، پولینڈ، سینیگال، جاپان، جنوبی کوریا اور اسپین جیسی ٹیمیں بھی باہر ہوگئیں۔

پہلا کوارٹر فائنل جمعے کو کروشیا اور برازیل کے درمیان کھیلا جائے گا،رات کو نیدرلینڈز اور ارجنٹائن مدمقابل آئیں گے ،ہفتے کو پہلا میچ مراکش اور پرتگال میں ہوگا، چوتھا کوارٹر فائنل اسی شب انگلینڈ اور فرانس کے درمیان شیڈول ہے۔

فائنل 8 میں جگہ بنانے والی ٹیموں میں برازیل نے سب سے زیادہ 5 ٹائٹلز جیتے ہیں، ارجنٹائن اور فرانس نے 2، 2 مرتبہ چمچماتی سنہری ٹرافی کو ہاتھوں میں تھاما، انگلینڈ نے واحد ٹائٹل 1966 میں جیتا تھا، نیدرلینڈز،کروشیا، مراکش اور پرتگال نے ابھی تک ایک بھی ٹرافی نہیں جیتی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔