اربوں روپے کے جعلی پنشن اسکینڈل میں ملزمان کی درخواست ضمانت منظور

کورٹ رپورٹر  جمعرات 8 دسمبر 2022
احتساب عدالت نے تینوں ملزمان کی ضمانت 50، 50 لاکھ روپے میں منظور  کرلی (فوٹو فائل)

احتساب عدالت نے تینوں ملزمان کی ضمانت 50، 50 لاکھ روپے میں منظور کرلی (فوٹو فائل)

  کراچی: احتساب عدالت نے 3 ارب 20 کروڑ روپے کے جعلی پنشن اسکینڈل ریفرنس میں 3 ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا حکم دیدیا۔

عدالت نے اعجاز علی، ماجد علی اور اظہر حسین کی ضمانت منظور کرتے ہوئے فیصلے میں کہا ہے کہ تینوں ملزمان کی ضمانت 50، 50 لاکھ روپے میں منظور کی گئی۔ ساتھ ہی عدالت نے ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے کہا کہ جب تک ریفرنس کا فیصلہ نہیں ہوتا اس وقت تک ملزمان کے پاسپورٹ عدالت میں جمع رہیں گے۔ نیب چاہے تو ملزمان کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست دائر کرسکتی ہے۔

نیب کے مطابق ریفرنس میں سابق ڈپٹی سیکرٹری فنانس عامر ضیا اسران سمیت 84 ملزمان نامزد ہیں۔ ملزمان پر حیدر آباد ٹریژری میں جعلی پنشن اسکینڈل میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ ملزمان پر قومی خزانے کو 3 ارب اور 20 کروڑ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔