توشہ خانہ کی گھڑیاں فروخت کرنے سے متعلق بشریٰ بی بی اور زلفی بخاری کی آڈیو لیک

ویب ڈیسک  جمعرات 8 دسمبر 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: توشہ خانہ کی گھڑیاں فروخت کرنے سے متعلق مبینہ طور پر بشریٰ بی بی اور زلفی بخاری کی آڈیو سامنے آگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مبینہ طور پر سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری کی آڈیو سامنے آئی ہے جس میں بشریٰ بی بی زلفی بخاری کو عمران خان کی گھڑیاں فروخت کرنے کے لیے ہدایات دے رہی ہیں۔

آڈیو کا دورانیہ 20 سیکنڈ پر محیط ہے جس میں دونوں جانب سے سلام و علیک اور خیر خیریت کے بعد بشری بی بی کہتی ہیں کہ خان صاحب کی کچھ گھڑیاں ہیں وہ بیچ دیں وہ گھڑیاں خان صاحب کے استعمال میں نہیں ہیں۔

جواب میں زلفی بخاری گھڑیاں فروخت کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہتے ہیں کہ جی مرشد! بھیج دوں میں کردوں گا۔

دوسری جانب زلفی بخاری نے آڈیو کو جعلی قرار دیتے ہوئے اس کی فرانزک کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے آڈیو لیک پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’ان کو قانونی نوٹس بھیجا تو نئی کہانی سامنے آگئی، واضح کردوں نہ کوئی گھڑی لی اور نہ ہی فروخت کی‘۔

زلفی بخاری نے کہا کہ ’اس طرح کی کاپی پیسٹ آڈیو کالج کے بچے بھی بنالیتے ہیں، اس کا فوری فرانزک ہونا چاہیے، پیسے اپنی جیب سے ادا کروں گا‘۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔