پاکستان کے سمندری راستے سے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، 15 ملزمان گرفتار

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 8 دسمبر 2022

  کراچی: پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور کسٹم نے کھلے سمندر میں مشترکہ کارروائی کے دوران 3 ارب روپے مالیت کی منشیات تحویل میں لے لی، تین لانچوں پر سوار 15 اسمگلروں کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسمگلروں کے خلاف انسداد اسمگلنگ مہم میں پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے مشترکہ طور پر گزشتہ پانچ دنوں میں بحیرہ عرب میں انٹیلی جنس پر مبنی مسلسل تین انسداد منشیات آپریشن کامیابی سے کیے۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں تقریباً 3.0 ارب روپے (PKR) مالیت کی نارکو اسمگلنگ کو آپریشن کے دوران روکا گیا اور 15 اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا جب کہ ان کی کشتیاں بھی تحویل میں لی گئیں۔

اس حوالے سے ترجمان پی ایم ایس اے کا کہنا تھا کہ انہیں قانون کے مطابق مزید تفتیش اور ضروری کارروائی کے لیے کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے حوالے کر دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران ایک کشتی کے اسمگلروں نے اپنی کشتی کو آگ لگا دی اور سمندر میں کود گئے، کشتی فوری طور پر ڈوب گئی تاہم تمام اسمگلروں اور کچھ مقدار میں نارکو سمندر سے برآمد کر لیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں PMSA نے چار کامیاب اینٹی نارکو آپریشنز کیے اور تقریباً 8.0 ارب روپے (PKR) کی نارکو اسمگلنگ کو روکا۔

مزید پڑھیں : میری ٹائم ایجنسی کی کارروائیاں، 3 ہفتوں میں 8 ارب روپے کی منشیات برآمد

ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 21 اسمگلروں کو بھی گرفتار کیا گیا، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کا کامیاب آپریشن کے نتیجے میں بڑی مقدار میں منشیات کی ضبطی اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ ہم پاکستانی پانیوں کو کسی بھی غیر قانونی کام یا مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے روکنے کے لیے چوکس اور پرعزم ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی سمندر میں امن و امان قائم کرنے کے لیے اپنی قومی ذمہ داریوں اور ذمہ داریوں کو نبھاتا رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔