فلم تارے زمین پر بڑے دانتوں کی وجہ سے ملی تھی، درشیل سفاری

ویب ڈیسک  جمعـء 9 دسمبر 2022
(فائل فوٹو)

(فائل فوٹو)

ممبئی: مشہور با لی ووڈ فلم تارے زمین پر کے چائلڈ اسٹار درشیل سفاری کا کہنا ہے کہ انہیں یہ فلم اُن کے دانتوں کی وجہ سے ملی تھی۔

فلم ’تارے زمین پر‘ میں بطورِ چائلڈ اسٹار  اداکاری کرنے والے درشیل اب جوان ہو چکے ہیں، سوشل میڈیا پر ان کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں اپنے بچپن کی اس فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

بھارتی صحافی سے گفتگو میں درشیل  کا کہنا تھا کہ ’مجھے بچے کا وہ کردار میرے دانتوں کی وجہ سے دیا گیا تھا کیونکہ فلم میں ایسے ہی بچے کی ضرورت تھی‘۔

درشیل نے مزید کہا کہ’جب بھی کسی فلم میں کاسٹنگ ہوتی ہے تو پورا لُک دیکھ کر کردار دیا جاتا ہے، میرے ساتھ بھی یہ ہی ہوا، دیکھا گیا کہ بچے کے دانت ایسے ہیں، چہرہ شرارتی اور معصوم ہے تو مجھے فلم مل گئی‘۔

اس فلم میں درشیل ایک معصوم اور منفرد ذہانت رکھنے والے بچے کا کردار ادا کر رہے تھے جو پڑھائی میں کمزور تھا  جس کا چہرہ معصوم اور دانت  بڑے تھے۔


یاد رہے کہ مذکورہ فلم میں عامر خان نے آرٹ ٹیچر کا کردار نبھایا تھا اور اس فلم نے خوب کامیابی بھی حاصل کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔