بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم پر سینیٹر اعظم سواتی کو رہا کردیا گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 9 دسمبر 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم پر پولیس نے سینیٹر اعظم سواتی پر صوبے بھر میں درج تمام مقدمات ختم کرکے انہیں رہا کردیا۔ 

سینیٹر اعظم سواتی کے وکیل نے تصدیق کی بلوچستان پولیس نے اعظم سواتی کو سندھ پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے جس کے بعد انہیں خصوصی جہاز کے ذریعے سندھ منتقل کردیا گیا ہے۔

قبل ازیں بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ہاشم کاکڑ کے روبرو اعظم سواتی پر درج مقدمات کے حوالے سے سماعت ہوئی۔ اعظم سواتی پر درج مقدمات کے خلاف ان کے بیٹے نے درخواست دائر کی ہوئی تھی۔

چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے سماعت کے بعد درخواست منظور کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی پر بلوچستان بھر میں درج تمام مقدمات ختم کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کی ہدایت کی تھی۔

یہ پڑھیں : اعظم سواتی پر مقدمات؛ سندھ حکومت، پراسیکیوٹر جنرل اور آئی جی کو نوٹس

اعظم سواتی نے متنازع ٹوئٹس کیے تھے جس پر بلوچستان میں ان کے خلاف پانچ مقدمات درج ہوئے تھے جب کہ بقیہ صوبوں میں درج مقدمات علیحدہ ہیں۔

اعظم سواتی کے بیٹے وکیل نصیب اللہ ترین نے بی بی سی سے گفتگو کی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ہائی کورٹ نے یہ قرار دیا ہے کہ اعظم سواتی کے خلاف درج پانچ ایف آئی آرز کا کوئی قانون نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔