کراچی بھر میں چارجڈ پارکنگ عارضی طور پر ختم

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 9 دسمبر 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹرسیف الرحمن نے شہر بھر میں چارجڈ پارکنگ عارضی طور پر ختم کردی اور ہدایت دی ہے کہ جب تک نئے ٹھیکے الاٹ نہ کیے جائیں اس وقت شہر بھر میں پا رکنگ فیس وصول نہ کی جائے۔

یہ ہدایت انہوں نے ایڈ منسٹریٹر کراچی کا چارج لینے کے بعد محکموں کے سربراہان کے اجلاس میں دی۔ قبل ازیں نئے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر سیف الرحمن کے ایم سی کے دفتر پہنچے تو ان کا استقبال کیا گیا۔

ایڈمنسٹریٹر نے اجلاس میں کہا کہ کراچی میں فوری طور پر چارجڈ پارکنگ ختم کی جاتی ہے، شہر میں کے ایم سی کی حدود میں کو ئی پارکنگ فیس وصول نہ کرے، جب تک نیا آکشن نہیں ہوجاتا فیس وصول نہ کی جائے۔

انہوں نے حکم دیا کہ فوری طور پر شہر سے پارکنگ کے اسٹاف کو ہٹالیا جائے۔ انہوں ںے واضح طور پر افسران کو پیغام دیا کہ کے ایم سی کا افسران و عملہ کسی قسم کی پارکنگ یا کوئی دوسرا ٹھیکہ نہیں چلائے گا، اگر کوئی اس میں ملوث پایا گیا تو ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے حکم دیا کہ فوری طور پر چڑیا گھر اور سفاری پارک میں جو ٹھیکے کے ایم سی ملازمین چلا رہے ہیں انہیں آج ہی بند کردیا جائے۔

ڈاکٹر سیف الرحمن نے شہر کے حوالے سے کہا کہ پہلے مرحلے میں کراچی کی 28 بڑی سڑکوں کی فوری مرمت کی جائے اس کے ساتھ پیدل چلنے والوں کے لیے پیڈسٹرین برج کی حالت کو بہتر کیا جائے گا۔ انہوں نے کے ایم سی کی تمام نرسریوں سے پودے نکال کر سڑکوں کے درمیان گرین بیلٹ پر لگانے کے بھی احکامات دئیے۔

ایڈمنسٹریٹر نے شہر میں تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ ریونیو کے محکمے اپنا ٹارگٹ ہر صورت میں پورا کریں۔

انہو ں نے تمام محکموں کے سربراہان کو مخاطب کیا کہ شہر کے لیے نیک نیتی، محنت و لگن اور جذبے کے ساتھ کام کرنا ہوگا تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر آئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔