ترک فلاحی ادارے کا اسکول کے طلبا کے لیے بس کا تحفہ

اسٹاف رپورٹر  بدھ 14 دسمبر 2022
خوبصورت اسکول بس ترک عوام کی جانب سے ملنے والے تحائف میں ایک نیا اضافہ ہے، ایئر کموڈور (ر) شبیر احمد خان۔ فوٹو : ایکسپریس

خوبصورت اسکول بس ترک عوام کی جانب سے ملنے والے تحائف میں ایک نیا اضافہ ہے، ایئر کموڈور (ر) شبیر احمد خان۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی:  ترکی کے سرکاری فلاحی ادارے ترک رابطہ و تعاون ایجنسی (ٹیکا) نے راشد آباد اسکول اینڈ ہیلتھ کیمپس کو خصوصی طور پر تیار کردہ جدید اسکول بس کا تحفہ دیا ہے۔

ایک منعقدہ تقریب میں کراچی میں ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو، ٹیکا کراچی کے پروگرام کوآرڈی نیٹر خلیل ابراہیم بشاران، ترک معارف فاؤنڈیشن حیدرآباد کے کوآرڈی نیٹر رمضان ، راشد میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن کے بانی و صدر ایئر کموڈور (ر) شبیر احمد خان اور اساتذہ و  طلبا نے شرکت کی جس میں قونصل جنرل جمال سانگو نے سکول بس کی چابی ایئر کموڈور (ر) شبیر احمد خان کے حوالے کی جبکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے کراچی میں قونصل جنرل جمال سانگو نے کہا کہ  تحریک خلافت کے دوران برصغیر کے مسلمانوں نے ہماری جو مدد کی تھی بطور ترک قوم ہم اس کو نہیں بھولے ہیں، ہم برادر ممالک ہیں اور ایک دوسرے کیساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

ٹیکا کراچی کے کوآرڈینٹر خلیل ابراہیم بشاران نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان میں ٹیکا نے شعبہ تعلیم میں بہت سے پراجیکٹس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے، راشد آباد ایجوکیشن اینڈ ہیلتھ کیمپس کے زیر انتظام کئی ادارے ہیں جن میں زیر تعلیم  بچیاس بس سے مستفید ہوں گے۔

راشد میموریل ویلفیئر آرگنائزیشن کے بانی و صدر ایئر کموڈور (ر) شبیر احمد خان نے کہا کہ پہلے، ٹیکانے 2019 میں راشد آباد میں ایک جدید ترین آڈیٹوریم قائم کیا تھا، اور اب یہ خوبصورت اسکول بس ترک عوام کی جانب سے ملنے والے تحائف میں ایک نیا اضافہ ہے، انھوں نے ترکیہ اور ٹیکا کے تعاون پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔