قومی سائیکلنگ؛ واپڈا نے فتوحات کی ڈبل ہیٹ ٹرک مکمل کرلی

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 2 اپريل 2014
محمد صابر6 طلائی تمغوں کے ساتھ بہترین اور تیز ترین سائیکلسٹ قرارپائے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

محمد صابر6 طلائی تمغوں کے ساتھ بہترین اور تیز ترین سائیکلسٹ قرارپائے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

لاہور: واپڈا نے قومی سائیکلنگ چیمپئن شپ میں مسلسل فتوحات کی ڈبل ہیٹ ٹرک مکمل کر لی، افغانستان نے دوسری اور پنجاب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

محمد صابر6 طلائی تمغوں کے ساتھ بہترین اور تیز ترین سائیکلسٹ قرارپائے۔ تفصیلات کے مطابق قومی سائیکلنگ چیمپئن شپ واپڈا کی فتح کے ساتھ اختتام کو پہنچی،28مارچ سے لاہور اور قصور میں ہونے والے ایونٹ میں واپڈا، افغانستان، پنجاب، بلوچستان، سندھ، پولیس، ریلویز، خیبر پختونخوا، فاٹا اور اسلام آباد کی ٹیموں نے شرکت کی، واپڈا نے سب سے زیادہ241 پوائنٹس حاصل کر کے مسلسل چھٹی بار ٹائٹل اپنے نام کیا،افغانستان نے 120 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور پنجاب83 پوائنٹس نے تیسری پوزیشن حاصل کی، بلوچستان چوتھے، سندھ پانچویں، پولیس چھٹے، ریلویز ساتویں، کے پی کے آٹھویں، فاٹا نویں اور اسلام آباد دسویں نمبر پر رہا، واپڈاکے محمد صابر6 گولڈ میڈلز کے ساتھ نہ صرف چیمپئن شپ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے بلکہ تیز ترین سائیکلسٹ کا اعزاز بھی لے اڑے۔

نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس لاہور کے سائیکلنگ ویلوڈروم میں چیمپئن شپ کے آخری روز واپڈا نے تمام ایونٹس میں طلائی تمغے اپنے نام کیے، ایلیمینشن ریس میں محمد صابر ایک بار پھر فاتح رہے، پنجاب کے عظیم نے دوسری اور سندھ کے یاسین نے تیسری پوزیشن حاصل کی، ٹیم ریس میں بھی گولڈ میڈل واپڈا کے نام رہا۔ افغانستان دوسرے اور پنجاب تیسرے نمبر پررہا۔ انفرادی مقابلوں میں واپڈا کے محمد صابر نے گولڈ ، واپڈا ہی کے شفیق جٹ سلور اور افغانستان کے محمد انصاری برانز میڈل حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی والی بال ایسوسی ایشن کے صدر و سابق انسپکٹر جنرل پولیس چوہدری محمد یعقوب نے کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیز تقسیم کیں۔ اس موقع پر  سابق کھلاڑیوں اور آرگنائزرز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔