کانگو میں سیلاب نے گاؤں کے گاؤں ملیا میٹ کردیئے؛ 141 ہلاکتیں

ویب ڈیسک  بدھ 14 دسمبر 2022
کانگو کے دارالحکومت کنشاسا میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی؛ فوٹو: ٹوئٹر

کانگو کے دارالحکومت کنشاسا میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی؛ فوٹو: ٹوئٹر

کنشاسا: افریقی ملک کانگو میں مسلسل بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی جس میں 141 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے جب  کہ 10 سے زائد لاپتہ ہیں۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک کانگو میں بارشوں کے بعد سیلابی ریلہ دارالحکومت کے رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا۔ سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔

زیادہ تر جانی اور مالی نقصان نشیبی علاقوں میں ہوا جہاں سیلابی ریلے سے ایک ہزار کے قریب گھر تباہ جب کہ کئی گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گئے۔ امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔

Congo flood 4

مسلسل بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رونما ہوئے۔ سیلابی پانی میں مٹی اور کیچڑ بھی شامل ہوگئی۔ ہائی وے ٹوٹ کر سیلابی ریلے میں بہہ گئی اور گلیاں کیچڑ والے پانی میں ڈوب گئیں۔

Congo flood 3

وزارت صحت کے مطابق امدادی کاموں کے درمیان 141 لاشیں برآمد ہوئی ہیں جب کہ 50 سے زائد زخمی ہیں اور 14 افراد لاپتہ ہیں۔ ایک لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوگئے۔

Congo flood 1

دارالحکومت کا بندرگاہ سے رابطہ کٹ گیا۔ سڑکیں آمد و رفت کے لیے بند کردی گئیں۔ دارالحکومت کو صاف کرنے میں 4 دن لگ سکتے ہیں تب تک معمولات زندگی معطل رہیں گے۔

Congo flood 5

تاریخ کے اپنی نوعیت کے ہلاکت خیز سیلاب میں قیمتی جانوں کے نقصان پر ملک بھر میں تین دن سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ بزرگ شہریوں نے عالمی میڈیا کے نمائندے سے گفتگو میں بتایا کہ اپنی زندگی میں ایسی بارشیں اور سیلاب نہیں دیکھا۔

 

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔