رواں سال سب سے زیادہ شکایات کے الیکٹرک کے خلاف موصول ہوئیں، وفاقی محتسب

اسٹاف رپورٹر  بدھ 14 دسمبر 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

کراچی: وفاقی محتسب اعجاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ ایک سال میں عوامی شکایات کی تعداد میں 40ہزار کا اضافہ ہوا, بجلی کی کمپنیوں سے متعلق شکایات سب سے زیادہ ہیں، کے الیکٹرک کے خلاف 10ہزار شکایات سنتے ہوئے صارفین کو ریلیف دلوایا۔ 

اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امسال ایک لاکھ 60 ہزار شکایات پر غور کیا،90 فیصد سے زائد شکایات کے فیصلے بروقت کرکے عمل درآمد کیا جاتا ہے، کھلی کچہریوں، آن لائن درخواستوں اور آرٹیکل 33 کے تحت سرکاری ایجنسیوں سے متعلق مسائل حل کرانے کا بھی اختیار بروئے کار لارہے ہیں۔

اعجاز احمد شیخ نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد اپنے  مسائل کے حل کے لیے وفاقی محتسب کے دفتر سے رجوع کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دس سال قبل تک شکایات کی تعداد 20 ہزار تھی جو اب بڑھ کر ایک لاکھ 10 ہزار تک پہنچ گئی ہیں جبکہ گزشتہ برس کے دوران 50 ہزار نئی شکایات موصول ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی عدالت 92 فیصد فیصلوں پر عمل نہیں کراتیں، امسال کھلی کچہریوں کا آغاز کیا گیا، تحصیل اور چھوٹے ٹاؤنز کی سطح پر کچھہریاں لگارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔