پاکستان موبائل فون برآمد کرنیوالے ممالک میں شامل

ارشاد انصاری  جمعرات 15 دسمبر 2022
انووی ٹیلی کام کے فونز باہر بھیجنے کی مناسبت سے پی ٹی اے میں تقریب۔ فوٹو: فائل

انووی ٹیلی کام کے فونز باہر بھیجنے کی مناسبت سے پی ٹی اے میں تقریب۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان موبائل فون برآمد کرنیوالے ممالک میں شامل ہو گیا۔

انووی ٹیلی کام کی طرف سے مقامی سطح طور پر تیار کردہ موبائل فونز کی برآمدات کی تقریب پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئی۔

یہ تقریب انووی ٹیلی کام کے سیگو برانڈ کے افریقی مارکیٹ کیلیے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو کامیابی سے برآمدکئے جانے والے پاکستان میں تیار کردہ ایک لاکھ 20ہزار موبائل فونز کے سلسلے میں منعقد کی گئی تھی۔

تقریب میں ممبر (فنانس) پی ٹی اے محمد نوید، ممبر (کمپلائنس اینڈ انفورسمنٹ) پی ٹی اے، ڈاکٹر خاور صدیق کھوکھر اور پی ٹی اے کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ سی ای او انووی ٹیلی کام ذیشان میاں نور بھی موجود تھے۔

انووی ٹیلی کام پہلی کمپنی ہے جو بڑی تعداد میں مقامی سطح پر تیار کردہ موبائل فونز پاکستان سے باہر برآمد کر رہی ہے۔

سی ای او انووی ٹیلی کام نے موبائل فون کے شعبے کی ترقی سے متعلق پی ٹی اے کے بھرپور تعاون اور اقدامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ادارے کی کاوشوں کو سراہا۔

پی ٹی اے کے دونوں ممبران نے پاکستان میں موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ ایکو سسٹم کی ترقی کیلیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

پی ٹی اے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ ریگولیشن2021 کے تحت9 اپریل2021 کو انووی ٹیلی کام لمیٹڈ کو موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ کا اجازت نامہ جاری کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔