پاک انگلینڈ ٹیسٹ میچ، ٹریفک کیلیے متبادل راستوں کا اعلان

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 16 دسمبر 2022
 شہر کے مختلف علاقوں سے میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین اپنی گاڑیاں ایکسپو سینٹر میں پارک کرسکیں گے ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

شہر کے مختلف علاقوں سے میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین اپنی گاڑیاں ایکسپو سینٹر میں پارک کرسکیں گے ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

 کراچی:  پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ کے دوران ٹریفک کے لیے متبادل راستوں کا اعلان کر دیا گیا۔

حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم کی جانب جانے والا روڈ بند رہے گا، پارکنگ کا انتظام ایکسپو سینٹر میں کیا گیا ہے۔ شائقین کو اصل شناختی کارڈ اور میچ پاس دکھانا لازم ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم میں 17 دسمبر سے 21 دسمبر تک پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا، اس موقع پر ٹریفک پولیس نے ٹریفک کے لیے متبادل راستوں کا اعلان کر دیا۔

حسن اسکوائر فلائی اوور سے اسٹیڈیم کی جانب ٹریفک جانے کی اجازت نہیں ہوگی، اسی طرح یونیورسٹی روڈ پر ایکسپو سینٹر ٹرننگ بھی بند رہے گا۔

اسٹیڈیم روڈ سے حسن اسکوائر کی جانب ٹریفک چلتا رہے گا ، ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ بھی ممنوع ہوگا۔

شہر کے مختلف علاقوں سے میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین اپنی گاڑیاں ایکسپو سینٹر میں پارک کرسکیں گے جنھیں شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا، پارکنگ کے لیے اصل قومی شناختی کارڈ اور میچ کا پاس دکھانا لازمی ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔