ترکیہ میں کار بم دھماکا، 8 پولیس اہل کار زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 16 دسمبر 2022
(فوٹو فائل)

(فوٹو فائل)

 انقرہ: ترکیہ کے جنوب مشرقی صوبے  کے شہر دیار باقر میں علی الصبح کار بم دھماکا ہوا، جس میں 8 پولیس اہل کار زخمی ہو گئے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ترکیہ میں زوردار بم دھماکا؛ 8 افراد جاں بحق اور 80 زخمی

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق دھماکا خیز مواد سڑک کنارے کھڑی گاڑی میں نصب تھا کہ جمعہ کی صبح تقریباً 5 بجے قریب سے پولیس کی گاڑی گزرنے کے وقت دھماکا ہوگیا۔

حکام نے دھماکے کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی تردید کرتے ہوئے 8 پولیس اہل کاروں کے زخمی ہونے اور انہیں اسپتال منتقل کرنے کی تصدیق کی ہے۔ حکام کے مطابق کوئی بھی شخص شدید زخمی نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: ترکیہ نے بم دھماکے پر امریکی تعزیت مسترد کردی

ترک وزیر داخلہ کے مطابق کار دھماکے کے بعد مشتبہ افراد کو سہولت کاری کےشبہے میں گرفتار کیا گیا ہے۔  مقامی میڈیا کے مطابق دھماکا دیارباقر شہر کے مرکز سے تقریباً 10 کلومیٹر جنوب میں مویشی منڈی کے قریب ہوا جب کہ کسی گروہ کی جانب سے دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ استنبول میں بھی ایک دھماکے میں 8افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے، جس کے بعد حکام نے ایک خاتون سمیت درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔