فرانس؛ رہائشی عمارت میں خوفناک آتشزدگی میں 5 بچوں سمیت 10 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  جمعـء 16 دسمبر 2022
فرانس کی رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 15 افراد زخمی بھی ہوئے؛ فوٹوـ فائل

فرانس کی رہائشی عمارت میں آگ لگنے سے 15 افراد زخمی بھی ہوئے؛ فوٹوـ فائل

لیون: فرانس میں 8 منزلہ عمارت میں آگ بھڑک اُٹھی جس کے نتیجے میں 5 بچوں سمیت 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس کے شہر لیون کی ایک کثیرالمنزلہ عمارت میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آگ اتنی شدید تھی کہ اس پر قابو پانے کے لیے 170 فائرمین اور آگ بجھانے کی 65 گاڑیوں نے امدادی کاموں میں حصہ لیا۔ ریسکیو آپریشن میں 5 گھنٹے لگ گئے۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے امددی کاموں کے دوران 15 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جن میں سے 4 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ فائر بریگیڈ کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

خوفناک آگ میں جھلس کر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 ہوگئی جن میں تین سے دس سال کے 5 بچے بھی شامل ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔

تاحال آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔