کسی ڈگری کے بغیر ڈاکٹرکا روپ دھارکرآپریشن کرنے والی 20 سالہ خاتون گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 دسمبر 2022
ترکی میں جعلی ڈاکٹر کا روپ دھارنے اور آپریشن کرنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ فوٹو: بشکریہ دی سن

ترکی میں جعلی ڈاکٹر کا روپ دھارنے اور آپریشن کرنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ فوٹو: بشکریہ دی سن

استبول: ترکی میں ایک 20 سالہ خاتون نے جعلی ڈاکٹر کا روپ دھار کر نہ صرف لوگوں کا علاج کیا بلکہ ہسپتال سے تنخواہ بھی لیتی رہیں اور اب انہیں گرفتار کیا جاچکا ہے۔

عائشے اوئزکایا نامی خاتون کو ڈاکٹر بننے کا جنون تھا لیکن وہ کم نمبروں کی وجہ سے میڈیکل کالج سے بار بار مسترد ہوتی رہیں۔ لیکن اپنی خامیوں پر قابو پانے کی بجائے انہوں نے جعلی اسناد، جعلی کارڈ ، ڈگریاں اور ترکی کے مشہور کیپا میڈیکل کالج کی دستاویز بھی بنائیں اور ہسپتال میں ملازمت کرتی رہیں تاہم اب بھانڈا پھوٹنے پر انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

عائشے نے نہ صرف اپنے والدین سے جھوٹ بولا بلکہ اطراف کے لوگوں سے کہا کہ وہ میڈیکل پڑھ رہی ہیں اور اس کے لیے خود ہاسٹل میں رہنے لگیں۔ یہاں تک کہ انہوں نےجعلی کارڈ بناکر کیپا میڈیکل یونیورسٹی میں گھومنا شروع کردیا۔ ایک مرتبہ وہ اپنی والدہ کو لے کر ہسپتال گئیں اور وہاں کے عملے سےکہا کہ وہ بھی ایک ڈاکٹر ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے جھوٹ بولتے ہوئے کہا کہ اس کی عمر 20 نہیں بلکہ 25 سال ہے۔ یہاں تک کہ اسی ہسپتال نے عائشے کو ملازمت کی پیشکش کردی۔

اب وہ طب کی تعلیم نہ ہونے کے باوجود بھی مریضوں کو دیکھنے لگیں اور ان کے لیے دوا تجویز کرتی رہیں۔ پھر اس نے ہسپتال کو بتایا کہ وہ بچوں کی سرجن ہیں جس کے بعد اسے آپریشن تھیئٹر میں بلایا گیا اور وہاں اسے بچے کی جراحی کے بعد اسے ٹانکے بھی لگائے۔ تاہم کئی مرتبہ کی غفلت کے بعد ڈاکٹروں کی ان کی قابلیت پر شک ہوگیا۔

پھر یہ ہوا کہ عائشے ڈاکٹروں کے پیچیدہ سوالات sسے گریز کرنے لگیں اور جوابات بھی غلط دیئے جس کےبعد انہیں سینیئر ترین ڈاکٹروں کے سامنے پیش کیا گیا اور جھوٹ سامنے آگیا۔ پولیس نے خاتون کے گھر سے جعلی میڈیکل کارڈ، دستاویز، یونیفارم اور کئی جامعات کی دستاویز بھی برآمد کیں۔

اب عائشے کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔