ن لیگ اور باقی جماعتوں کو اب بھاگنے کے بجائے مقابلہ کرنا چاہیے، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  اتوار 18 دسمبر 2022
(فائل : فوٹو)

(فائل : فوٹو)

 اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما فواد حسین چوہدری نے کہا ہے کہ ہمیں مختلف جگہوں سے سفارشیں آ رہی ہیں آپ الیکشن نہ کرائیں، ن لیگ الیکشن کمیشن کو اپنے پارٹنر کے طور پر استعمال نہ کرے، آئین میں لکھا ہے کہ مقررہ وقت میں الیکشن کروائے جائیں۔

لاہور زمان پارک میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سینئر رہنما پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا کہ آٹھ مہینوں سے پاکستان کی سیاست عمران خان کے ارد گرد گھوم رہی ہے، عمران خان صبح پہلا اوور کرواتے ہیں اس کے بعد پی ڈی ایم اسی بال کو لے کر گھومتی رہتی ہے، سیاسی ٹیسٹ میچ کو ہم نے ٹی 20 بنا کر کھیلا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے کل جو چھکا مارا پی ڈی ایم کو اس کی گیند ہی نظر نہیں آئی، ن لیگ کے چہروں سے لگتا ہے ان کے جسموں سے خون ہی خشک ہوگیا ہے، ن لیگ اور باقی جماعتوں کو اب بھاگنا نہیں چاہیے اور مقابلہ کرنا چاہیے، ہمیں مختلف جگہوں سے سفارشیں آ رہی ہیں آپ الیکشن نہ کرائیں ، اگر قومی اسمبلی تحلیل نہ ہوئی تو ن لیگ کو بھی آئندہ الیکشن میں امیدوار نہیں ملیں گے، الیکشن کمیشن اگر الیکشن سے بھاگے گا تو وہ ن لیگ کی مدد کر رہا ہوگا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ انتخابات سے بچنے کے لیے آپ الیکشن کمیشن کو آگے کر دیتے ہیں، ن لیگ الیکشن کمیشن کو اپنے پارٹنر کے طور پر استعمال نہ کرے، آئین میں لکھا ہے کہ مقررہ وقت میں الیکشن کروائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عوام کی سیاست کرے گی، پاکستان میں بند کمروں میں بیٹھ کر عوام کے مستقبل کے فیصلے کیے جاتے ہیں لیکن اب طاقت وروں کو سوچنا ہوگا اگر عوام کے فیصلے کو تسلیم نہیں کیا تو نقصان پاکستان کا ہوگا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اگر آپ سمجھ رہے ہیں کہ عوام کے فیصلوں کی اہمیت نہیں تو آپ غلط سمجھ رہے ہیں، ساڑھے 7 لاکھ ڈاکٹرز، انجینئرز ملک چھوڑ گئے، سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ نہیں لگا رہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر نے قومی اسمبلی کا سیشن ہمارے استعفوں کی وجہ سے معطل کردیا، ووٹر تو دور کہ بات پیپلز پارٹی کے پاس کوئی امیدوار بھی نہیں ہے، آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کو ختم کر دیا، اسیکر سے مطالبہ کرتا ہوں ہمارے استعفے قبول کریں، قومی اسمبلی کے انتخابات بھی صوبائی اسمبلیوں کے ساتھ کروائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پہلی بار خود عوام کے پاس فیصلہ کروانے جا رہی ہے، اگر ووٹ اور عوام کی سپورٹ حاصل نہیں تو کوئی اور کام کریں سیاست نہ کریں، عوام کی حمایت فیصلہ کرتی ہے آپ حکومت کرسکتے ہیں یا نہیں، پی ڈی ایم کو اب انتخابات سے بھاگنا نہیں چاہیے کیوں کہ اب میدان بھی موجود ہے اور گھوڑا بھی حاضر ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔