نابینا بھکاری کو تھانے پہنچتے ہی نظر آنے گا

ویب ڈیسک  اتوار 18 دسمبر 2022
ملزم نے نابینا فقیر بن کر بھیک مانگنے کا اعتراف کیا ہے جو کہ خانیوال کا رہائشی ہے، ایس ایچ او کوٹ لکھپت محمد شعیب (فوٹو : فائل)

ملزم نے نابینا فقیر بن کر بھیک مانگنے کا اعتراف کیا ہے جو کہ خانیوال کا رہائشی ہے، ایس ایچ او کوٹ لکھپت محمد شعیب (فوٹو : فائل)

لاہور میں نابینا بھکاری کی تھانے پہنچتے ہی آنکھوں کی روشنی بحال ہوگئی اور وہ دیکھنے لگا، پولیس نے بھکاری کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کوٹ لکھپت پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک بھکاری کو گرفتار کرلیا جو بصارت نہ ہونے کا بہانہ بنا کر لوگوں سے  پیسے مانگتا تھا۔

ترجمان پولیس کے مطابق کوٹ لکھپت پولیس نے 15 کال پر ریسپانس کرتے ہوئے چندرائے سے ملزم کو گرفتار کیا، تھانے میں آتے ہی ملزم کی آنکھیں ٹھیک ہوگئیں اور وہ دیکھنے لگا۔

ایس ایچ او کوٹ لکھپت محمد شعیب کے مطابق ملزم نے نابینا فقیر بن کر بھیک مانگنے کا اعتراف کیا ہے جو کہ خانیوال کا رہائشی ہے، ملزم کے خلاف مقدمہ درج  کرکے اسے تفتیشی پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

اسی ضمن میں ایس پی حسن جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ لوگوں کو دھوکا دینے اور ڈھونگ رچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔