جسمانی نمائش سے بچنے کیلئے بھارتی فلم سے انکار کردیا، فاطمہ آفندی

ویب ڈیسک  اتوار 18 دسمبر 2022
فوٹو: انسٹاگرام

فوٹو: انسٹاگرام

  کراچی: پاکستانی اداکارہ فاطمہ آفندی نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ایک بھارتی فلم کی پیشکش ہوئی لیکن انہوں نے اس سے انکار کردیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں فاطمہ نے بتایا کہ انہوں نے یہ بات کسی کو نہیں بتائی تھی کہ ان سے بالی وڈ کے معروف ڈائریکٹر نے رابطہ کیا ہے، لیکن پھر بھی یہ بات نکل کر میڈیا تک پہنچ گئی۔

اداکارہ نے بتایا کہ معروف ڈائریکٹر انیس بزمی کی ایک فلم تھی جس کے لیے مجھ سے رابطہ کیا گیا، کچھ سال قبل مجھے ایک فون کال آئی جس میں کہا گیا کہ اس طرح بھارت میں میرا انٹرویو ہے اور ایک فلم ہے تو کیا آپ وہ کرنا پسند کریں گی۔

فاطمہ آفندی نے کہا کہ میں نے انکار کردیا تھا اور ان کو واضح کردیا کہ میں نے اپنے کام کے لئے کچھ حدود طے کی ہوئی ہیں ان سے باہر جاکر میں کام نہیں کرسکتی۔

اداکارہ نے کہا فلموں میں کام کے کچھ تقاضے ہوتے ہیں، وہاں جسم کی نمائش کرنی پڑتی ہے، کچھ ایسے سین عکسبند کرانے ہوتے ہیں جو میں نہیں کر سکتی، الحمداللہ میں اپنے کام سے خوش ہوں۔

واضح رہے کہ فاطمہ آفندی پاکستان ٹیلی ویژن کی سابق نیوز اینکر اور مقبول اداکارہ فوزیہ مشتاق کی بیٹی ہیں، اس کے علاوہ فاطمہ اداکار کنور ارسلان کی اہلیہ بھی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔