اے این ایف کی مختلف کارروائیوں میں بھاری مقدار میں منشیات برآمد، ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 18 دسمبر 2022

  کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی کے نجی کوریئر سمیت ملک کے دیگر شہروں میں کارروائیوں کے دوران منشیات کی بھاری مقدار تحویل میں لے لی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد منشیات فورس (اے این ایف) کی جانب سے منشیات کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، کراچی میں واقع نجی کوریئر آفس میں آسٹریلیا بھیجے جانیوالے پارسل سے 3 کلو 350 گرام آئس برآمد کرلی گئی، ملزمان نے آئس کو بائیک لیدر جیکٹس میں چھپایا گیا تھا۔

اے این ایف کی کارروائی کے دوران ایک ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی ہے، لسبیلہ میں 2 مختلف کاروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 220 کلو چرس برآمد کرکے 3 گاڑیاں قبضے میں لے کر 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب خاتون اور مرد ملزمان سے 2 کلو آئس اور 2 کلو 400 گرام چرس برآمد کرلی گئی جب کہ خیبر سے پنجاب منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناکر کار سے 180 کلو چرس اور 60 کلو افیون برآمد کرلی گئی۔

ترجمان انسداد منشیات فورس کا کہنا تھا کہ مُلزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔