پرویز الہی کے بیان پر اعتماد میں لینے کیلیے مونس الہی کی عمران خان سے ملاقات

ویب ڈیسک  اتوار 18 دسمبر 2022
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان پر عمران خان کو اعتماد میں لینے کے لیے مونس الہی ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے اور ملاقات کرکے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایک روز قبل عمران خان نے پنجاب اور خیبر پختون خوا کے وزرائے اعلیٰ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ پر ایک بار پھر تنقید کی تھی جس پر آج وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے عمران خان کے بیان کو احسان فراموشی قرار دیتے ہوئے بیان دیا ہے کہ آئندہ جنرل (ر) باجوہ کے خلاف کوئی بات کی گئی تو ہماری پوری جماعت بھی جواب دے گی۔

یہ پڑھیں : جنرل (ر) باجوہ کے عمران پر بہت احسانات ہیں احسان فراموشی نہ کی جائے، پرویز الہٰی

پرویز الہیٰ کے اس بیان کے بعد پیدا شدہ کشیدہ صورتحال کو ختم کرنے کے لیے چوہدری مونس الہی عمران خان سے ملاقات کے لیے ان کی لاہور رہائش گاہ زمان پارک پہنچے۔ عمران خان سے ملاقات کے دوران پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کا 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان

ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان کے حوالے سے بات چیت کی گئی، مونس الہی نے پرویز الہی کے بیان کے حوالے سے اپنے موقف سے آگاہ کیا اور پرویز الہی کے بیانات پر اعتماد میں لیا۔

اسی سے متعلق : اقتدار میں آیا تو جنرل (ر) باجوہ کے خلاف کارروائی نہیں کروں گا، عمران خان

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات بیس منٹ تک جاری رہی جس کے بعد مونس الہٰی زمان پارک سے روانہ ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔